گریٹر ورنگل پریس کلب میں اردو صحافیوں کو مساوی نمائندگی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

گریٹر ورنگل پریس کلب میں اردو صحافیوں کو مساوی نمائندگی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ
**بائی لاز ترمیمی کمیٹی کو ٹی یو ڈبلیو جے یو ورنگل یونٹ کی تحریری نمائندگی، خصوصی باکس میں بھی تجاویز داخل**
ورنگل20/ نومبر (نامہ نگار) : تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) ورنگل یونٹ کی جانب سے گریٹر ورنگل پریس کلب میں اردو صحافیوں کو مساوی نمائندگی، رکنیت کے حقوق اور ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پریس کلب کی بائی لاز ترمیمی کمیٹی کو تفصیلی تحریری نمائندگی پیش کی گئی۔
پریس کلب انتخابات کے انعقاد کو باضابطہ بنانے اور نئے بائی لاز کی تیاری کے سلسلے میں کمیٹی کی جانب سے اراکین سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں ٹی یو ڈبلیو جے یو ورنگل یونٹ کے کنوینر مرزا فتح اللہ بیگ ریاض نے یونین کی جانب سے تجاویز تحریری طور پر پریس کلب میں قائم کردہ خصوصی باکس میں داخل کیں۔ اس کے علاوہ بائی لاز ترمیمی کمیٹی کے تمام اراکین کو بھی انفرادی طور پر نمائندگی کی نقول پیش کی گئیں۔
کمیٹی کے کنوینر پی وی مدن موہن کے نام پیش کردہ نمائندگی میں چار اہم مطالبات پیش کئے گئے۔ ان میں اردو میڈیا سے تعلق رکھنے والے کم از کم تین نمائندوں کو پریس کلب میں نمائندگی دینے، اہل اردو ورکنگ جرنلسٹس کو بلا کسی لسانی امتیاز کے پریس کلب کی رکنیت فراہم کرنے، دیگر صحافتی تنظیموں کی طرح پریس کلب کے احاطے میں ٹی یو ڈبلیو جے یو کا سرکاری لوگو نمایاں طور پر تنصب کرنے اور اردو صحافیوں کے اجلاسوں، تنظیمی سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال کے لئے علیحدہ کمرہ یا مخصوص جگہ مختص کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔
نمائندگی میں کہا گیا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین 2017 سے ملک کے اردو کی واحد رجسٹرڈ ٹریڈ یونین کی حیثیت سے ریاست بھر میں اردو ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مفادات کے تحفظ کے لئے سرگرم ہے۔ اردو صحافی بھی صحافتی برادری کا ایک اہم حصہ ہیں اور انہیں مساوی شناخت، نمائندگی اور سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ مرزا فتح اللہ بیگ ریاض نے بائی لاز کو قطعیت دیتے وقت ان مطالبات کو مثبت انداز میں زیر غور لانے کی اپیل کی تاکہ پریس کلب میں تمام زبانوں کے صحافیوں کے درمیان مساوات، اتحاد اور بھائی چارے کو مزید فروغ حاصل ہوسکے۔ اس موقع پر اردو صحافیوں کی تعداد موجود تھی ۔



