جرائم و حادثات
حیدرآباد میں بھیانک حادثہ، ٹکر کے بعد کار شعلہ پوش 4 مسافرین بال بال بچ گئے

حیدرآباد: آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) پر کوکا پیٹ کے قریب جمعرات 19 نومبر کو ایک لاری سے ٹکرانے کے چند منٹ بعد الیکٹرک کار میں آگ لگ گئی۔
اس حادثے میں کار میں سوار چار افراد بال بال بچ گئے اور تمام مسافر محفوظ طور پر باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
تفصیلات کے مطابق کار کوکا پیٹ سے پٹن چیرو کی سمت جا رہی تھی کہ آگے چل رہی ایک لاری سے ٹکرا گئی۔
تصادم کے چند ہی منٹ بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی۔صورتحال کو بھانپتے ہوئے کار میں سوار افراد فوری طور پر باہر نکل آئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور چند ہی منٹوں میں گاڑی جل کر خاکستر ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ چاروں مسافروں کے بحفاظت بچ نکلنے سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔



