شوہر بھی چاہیے اور عاشق بھی، دونوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنا چاہتی ہے 2 بچوں کی ماں۔ اترپردیش میں عجیب و غریب واقعہ

اتر پردیش: ضلع سیتاپور کے محمودآباد علاقے میں ایک شادی شدہ خاتون کا انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دو بچوں کی ماں اپنے شوہر اور عاشق دونوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنے پر بضد ہے۔
اس مقصد کے لیے خاتون نے دونوں کے درمیان ذمہ داریاں تقسیم کرتے ہوئے باقاعدہ ڈیوٹی چارٹ تیار کیا اور پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کی درخواست کی۔اطلاعات کے مطابق محمودآباد کے پھلواری پور علاقے کے ایک نوجوان کی بیوی کی ایک دوسرے شخص سے قربت ہوگئی جو بعد میں محبت میں تبدیل ہوگئی۔
خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ 21 مارچ کو ایک مندر میں اپنے عاشق سے شادی کرلی۔ اس بات کا علم ہونے پر اس کے مائیکے والوں نے اس سے رشتہ توڑ لیا۔خاتون نہ اپنے شوہر کو چھوڑنا چاہتی ہے اور نہ ہی عاشق سے علیحدگی اختیار کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس نے دونوں کے ساتھ رہنے کا راستہ نکالتے ہوئے ان کی ذمہ داریاں بھی تقسیم کردی ہیں۔ پولیس کو پیش کردہ ڈیوٹی چارٹ کے مطابق دن کے وقت عاشق اس کے اور بچوں کے ساتھ رہے گا جبکہ رات کے وقت شوہر اس کے ساتھ رہے گا۔اس معاملے میں حیرت انگیز بات یہ ہے کہ خاتون کے شوہر کو بھی اس انتظام پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ عاشق پہلے بھی شوہر کے گھر آتا جاتا تھا اور کئی مرتبہ وہاں قیام بھی کرچکا ہے۔ شوہر اسے اپنا بھائی سمجھتا تھا اب اس نے اپنی بیوی اور اس کے عاشق دونوں کے ساتھ رہنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ دونوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا چاہے اسے اپنا گھر ہی کیوں نہ چھوڑنا پڑے۔
تاہم شوہر کے علاوہ سسرال کے دیگر افراد اس رشتے کی مخالفت کررہے ہیں۔ گھر میں تنازعہ بڑھنے پر خاتون جمعہ کے روز اپنے دونوں بچوں شوہر اور عاشق کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور اپنے فیصلے سے پولیس کو واقف کروایا۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس نے دونوں کے ساتھ رہنے کا طریقہ طے کرلیا ہے اور ڈیوٹی چارٹ بھی تیار کرلیا ہے۔
پولیس اہلکاروں نے تینوں سے دیر رات تک بات چیت کرتے ہوئے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی تاہم خاتون اپنے موقف پر قائم رہی کہ وہ شوہر اور عاشق دونوں کے ساتھ ہی رہے گی۔ اس غیر معمولی معاملے پر علاقے میں کافی بحث ہورہی ہے اور پولیس اسے حل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔



