ممبئی میں داود ابراہیم کے آبائی مکان پر بلڈوزر چل پڑا، عمارت کا بڑا حصہ منہدم؛ ہائی کورٹ نے اچانک لگائی روک، 25 نومبر تک کارروائی ملتوی
680 پولیس اہلکاروں کی بھاری جمعیت کی موجودگی میں انہدامی کارروائی، وقف جائیداد اور مسجد کا معاملہ عدالت پہنچ گیا، داود ابراہیم کے خاندان نے اسی عمارت میں گزارا تھا بچپن
ممبئی: ہندوستان کے انتہائی مطلوب انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کے آبائی مکان کو منہدم کرنے کی کارروائی نے ممبئی میں سنسنی پیدا کردی۔ جنوبی ممبئی کے بھیندی بازار علاقے میں واقع اس عمارت پر جمعرات کو بلدیہ عظمیٰ ممبئی (بی ایم سی) نے بھاری پولیس جمعیت کی موجودگی میں انہدامی کارروائی شروع کردی۔ تاہم معاملہ بمبئی ہائی کورٹ پہنچنے کے بعد عدالت نے مزید انہدامی کارروائی پر 25 نومبر تک عبوری روک لگادی ہے۔
یہ عمارت حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ کے نام سے مشہور ہے اور پاکمودیہ اسٹریٹ پر واقع ہے۔ داود ابراہیم اور اس کا خاندان کئی برسوں تک اسی عمارت میں مقیم رہا تھا۔ ممبئی کے انڈر ورلڈ میں داود کے ابتدائی دنوں کی تاریخ بھی اسی عمارت سے وابستہ بتائی جاتی ہے۔
صبح 7 بجے شروع ہوئی تھی کارروائی
میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 نومبر کی صبح تقریباً 7 بجے بی ایم سی نے عمارت کو منہدم کرنے کا کام شروع کیا۔ اس کارروائی کے لیے چار جے سی بی مشینیں، دیگر بھاری مشینری، گیس کٹر، ڈمپر اور تقریباً 80 مزدور تعینات کئے گئے تھے۔ امن و ضبط کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 680 پولیس کانسٹبلوں اور 80 اعلیٰ عہدیداروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
عمارت کا ایک بڑا حصہ منہدم کیا جاچکا تھا کہ اسی دوران بمبئی ہائی کورٹ نے مداخلت کرتے ہوئے مزید انہدامی کارروائی روکنے کی ہدایت جاری کردی۔
وقف جائیداد اور مسجد کا تنازعہ
اس انہدامی کارروائی کے خلاف حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ ٹرسٹ کے دو مستفیدین نے بمبئی ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ یہ جائیداد وقف کی ہے اور اس میں مسجد بھی موجود ہے۔ ان کا الزام ہے کہ بی ایم سی نے عدالتی احکامات اور قانونی طریقہ کار کو نظرانداز کرتے ہوئے انہدامی کارروائی شروع کی۔
دوسری جانب بی ایم سی کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی خستہ حال اور خطرناک ہوچکی تھی، جسے سی ون زمرے میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بھیندی بازار کے ترقیاتی منصوبے کے تحت مجوزہ اندرونی سڑک کی تعمیر اور توسیع میں بھی یہ عمارت رکاوٹ بن رہی تھی۔
25 نومبر تک ہائی کورٹ کی روک
19 نومبر کو چیف جسٹس مہیش چندر ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل بنچ نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جائیداد کی موجودہ حالت برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور 25 نومبر تک مزید انہدامی کارروائی روک دی۔ عدالت نے فریقین کو اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
داود ابراہیم کے بچپن کی یادیں اسی عمارت سے وابستہ
رپورٹس کے مطابق داود ابراہیم کا خاندان 1955 میں اس عمارت میں منتقل ہوا تھا۔ اس نے اپنی زندگی کے ابتدائی ایام عمارت کی دوسری منزل پر گزارے۔ 1986 میں ہندوستان چھوڑنے سے قبل تک اس خاندان کا اس عمارت سے تعلق رہا۔ بعد میں بھی اس کی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد اس عمارت میں مقیم رہے۔
یہ عمارت ابتدا میں حج پر جانے والے عازمین کے قیام کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہاں رہائشی فلیٹس اور دکانیں بھی قائم ہوگئیں۔ بعد ازاں سیفی برہانی اپ لفٹمنٹ ٹرسٹ کے بھیندی بازار ترقیاتی منصوبے میں اس عمارت کو شامل کیا گیا۔



