جرائم و حادثات

روٹی کیلئے جھگڑا بھائی نے بھائی کو قتل کردیا۔ اترپردیش میں دل دہلادینے والا واقعہ

نئی دہلی: اترپردیش کے مظفر نگر میں کھانے کی تھالی میں ایک روٹی کو لے کر شروع ہونے والا معمولی تنازعہ خونی واقعہ میں تبدیل ہوگیا۔

 

معمولی بحث و تکرار کے بعد چھوٹے بھائی نے اپنے بڑے بھائی کو اتنی زور سے دیوار کی طرف دھکا دیا کہ اس کا سر دیوار سے ٹکرا گیا اور اسے شدید چوٹ آئی۔

 

بتایا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں کے والدین کا پہلے ہی دیہانت ہوچکا تھا اور وہ ایک ہی گھر میں ساتھ رہ رہے تھے۔ اب اس جھگڑے میں بڑے بھائی کی جان چلی گئی۔

 

پولیس نے ملزم چھوٹے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔یہ واقعہ جمعرات کی رات جھنجھانہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ سنی کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ ملزم اس کا 23 سالہ چھوٹا بھائی پنکج ہے۔

 

موصولہ اطلاعات کے مطابق ماں باپ کے دیہانت کے بعد سنی اور پنکج دونوں ایک ہی گھر میں رہ رہے تھے۔ جمعرات کی رات دونوں بھائی کھانا کھانے بیٹھے تھے۔ اسی دوران ایک روٹی کو لے کر ان کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔

 

ابتدا میں بات صرف زبانی تکرار تک محدود تھی لیکن دیکھتے ہی دیکھتے تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ الزام ہے کہ غصے میں آکر پنکج نے سنی کو دھکا دے دیا جس کے نتیجے میں وہ پیچھے کی جانب دیوار سے ٹکرا گیا اور اس کے سر پر شدید چوٹ آئی۔

 

چوٹ لگنے کے بعد سنی کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت شکلا نے

 

بتایا کہ ملزم پنکج کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button