بس میں سوار ہوتے وقت حادثہ، 15 سالہ طالبہ کے پیر پر چڑھا پہیہ، کورٹلہ کے مجلسی لیڈر نے فوری ہاسپٹل پہنچاکر بچائی جان
کورٹلہ: 19 نومبر (اردو لیکس) کورٹلہ کے نیو بس اسٹانڈ پر آر ٹی سی بس کی زد میں آکر 15 سالہ کالج کی طالبہ شدید زخمی ہوگئی۔ حادثے کے وقت موقع پر موجود مقامی مجلس کے لیڈر عبدالحفیظ قریشی نے فوری طور پر ایمبولینس طلب کرتے ہوئے زخمی طالبہ کو ہاسپٹل منتقل کیا اور اس کے والدین کو بھی اطلاع دی۔ ان کی بروقت مدد اور انسانی ہمدردی کو مختلف گوشوں سے سراہا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تکڑپلی کی رہنے والی لکشیا بدھ کی شام نیو بس اسٹانڈ پر کورٹلہ سے بوممینا جانے والی بس کے انتظار میں کھڑی تھی۔ اسی دوران بس ڈرائیور نے مبینہ طور پر بس اسٹاپ سے کچھ فاصلے پر بس روکی۔ طالبہ جب بس میں سوار ہونے کی کوشش کررہی تھی تو ڈرائیور نے اچانک بس آگے بڑھادی، جس کے نتیجے میں وہ نیچے گر پڑی اور بس کا پہیہ اس کے پیر پر چڑھ گیا۔
حادثے میں طالبہ شدید زخمی ہوگئی۔ موقع پر موجود افراد کے شور مچانے پر ڈرائیور نے بس روک دی۔ اس دوران عبدالحفیظ قریشی نے فوری طور پر ایمبولینس اور طالبہ کے والدین کو فون کیا۔ ایمبولینس پہنچنے پر انہوں نے خود زخمی طالبہ کو اٹھاکر سرکاری دواخانہ منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے بہتر علاج کے لیے کریم نگر روانہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق طالبہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
حادثے کے بعد زخمی طالبہ کی مدد کے لیے عبدالحفیظ قریشی کی فوری سرگرمی اور خدمت خلق کے جذبے کی موقع پر موجود افراد نے ستائش کی۔ مجلس کورٹلہ کے صدر محمد عبدالرفیع، معتمد عبدالواجد، سینئر صحافی و صدر ملت مسلم ویلفیئر سنگھم کورٹلہ چاند پاشاہ، شریک معتمدین عبدالرحیم اور محمد نظام الدین کے علاوہ مجلس کے سرگرم کارکن محمد سلمان نے بھی عبدالحفیظ قریشی کی انسانی ہمدردی اور بروقت مدد کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔



