جرائم و حادثات

لفٹ مانگ کر موٹر سائیکل پر سوار ہوا – پھر موبائل چھیننے کی کوشش ناکام ہوتے ہی 57 سالہ شخص کا گلا کاٹ کر فرار ؛ حیدرآباد کے پرانے شہر میں سنسنی خیز واردات

حیدرآباد: 19 نومبر (اردو لیکس) حیدرآباد کے پرانے شہر میں موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران ایک نامعلوم شخص نے 57 سالہ موٹر سائیکل سوار کا تیز دھار ہتھیار سے گلا کاٹ دیا۔ اس واردات میں محمد عبدالسلام شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ میلاردیوپلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔

 

تفصیلات کے مطابق بندلہ گوڑہ کے رہنے والے محمد عبدالسلام جمعرات کی شام کام سے اپنی موٹر سائیکل پر گھر واپس ہورہے تھے۔ اس دوران محفل ریسٹورنٹ کے قریب ایک نامعلوم شخص نے انہیں روک کر لفٹ دینے کی درخواست کی۔ عبدالسلام نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے اپنی موٹر سائیکل پر بٹھالیا۔

 

جب وہ دکن پیالیس فنکشن ہال کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار شخص نے مبینہ طور پر عبدالسلام کی شرٹ کی جیب میں رکھا موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔ عبدالسلام نے جب مزاحمت کی تو ملزم نے پیچھے سے تیز دھار ہتھیار سے ان کی گردن پر حملہ کردیا اور انہیں لہولہان حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

 

گردن پر شدید زخم آنے کے باوجود عبدالسلام کسی طرح اپنے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں ایرا ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد مزید علاج کے لیے خانگی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔

 

اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button