سوئٹزرلینڈ میں قطر کے شاہی طیارے پر آسمانی آفت – تیز ہواؤں میں جہاز ڈگمگایا، خطرناک لینڈنگ کی ویڈیو وائرل
حیدرآباد: 19 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے شہر برن کے ہوائی اڈے پر قطر کے شاہی خاندان کے زیر استعمال طیارے کو شدید ہواؤں کے باعث لینڈنگ کے دوران انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ طیارہ تیز ہواؤں کے جھونکوں سے ڈگمگاتا ہوا رن وے کی جانب بڑھا، جس کے مناظر کیمرے میں قید ہوگئے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 17 نومبر کو برن کے بیلپ ہوائی اڈے پر پیش آیا، جہاں قطر کے شاہی فضائی بیڑے کا ایئربس اے 320 طیارہ دوحہ سے قطری سرکاری وفد کو لے کر پہنچا تھا۔ لینڈنگ کے وقت ہواؤں کی رفتار تقریباً 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی، جس کے باعث طیارہ رن وے کی جانب ترچھا ہوتا ہوا آگے بڑھا۔ پائلٹس نے ہوا کے دباؤ کو قابو میں رکھنے کے لیے ہوا بازی کی اصطلاح میں ’کریب اپروچ‘ کہلانے والی تکنیک استعمال کی اور طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا۔
اس طیارے کا رجسٹریشن نمبر A7-HWL اور پرواز نمبر QAF9 بتایا گیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ طیارے میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی موجود نہیں تھے بلکہ اس میں قطری حکومت کا ایک وفد سوار تھا۔ قطری امیر 18 نومبر کو الگ سے سوئٹزرلینڈ پہنچے، جہاں ان کا سرکاری دورہ شروع ہوا۔
رپورٹس کے مطابق اسی خراب موسم کے باعث سوئٹزرلینڈ کی حکومت کا ایک طیارہ بھی لینڈنگ کی کوشش ترک کرکے دوسرے ہوائی اڈے کی جانب روانہ ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے 18 اور 19 نومبر کو سوئٹزرلینڈ کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا، جہاں سوئس صدر گائے پارملین اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، توانائی اور سائنسی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس واقعہ میں کسی جانی نقصان یا طیارے کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ہے۔



