وقارآباد ضلع میں ایک ہوٹل کی چھت منہدم ایک ہلاک تین زخمی
وقارآباد ضلع کے مرپلی منڈل مستقر میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایس سی کارپوریشن کے زیر انتظام کمرشیل عمارت میں قائم ایک ٹفن سینٹر کی چھت اچانک منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی صبح ٹفن سینٹر پر گاہکوں کا کافی ہجوم تھا کہ اچانک عمارت کا ایک حصہ گر پڑا۔ زور دار آواز کے ساتھ عمارت کے منہدم ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور چار افراد ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے میں پھنسے چاروں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ زخمیوں کو پہلے مرپلی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے سنگاریڈی سرکاری اسپتال روانہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس میں ایک کی موت ہوگئی
زخمیوں میں مرپلی کے دو لڑکے، ایک لڑکی اور کوتھاپور گاؤں کا ایک شخص شامل ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔



