حیدرآباد میں چلتی کار شعلہ پوش

حیدرآباد، 29 جولائی: راجندر نگر ٹریفک پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں پی وی این آر ایکسپریس وے پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
پولیس کے مطابق ٹریفک ملازمین معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ مہدی پٹنم کی جانب جانے والی سڑک پر پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلر نمبر 278 کے قریب ایک کار کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
واقعہ دیکھتے ہی ٹریفک پولیس کے ملازمین فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا جس کے باعث آگ مزید پھیلنے سے رک گئی۔ پولیس کی فوری مداخلت سے گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ اہلکاروں کی حاضر دماغی اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث نہ صرف ایک ممکنہ بڑے حادثے کو ٹال دیا گیا بلکہ ٹریفک کی معمول کی روانی بھی جلد بحال کر دی گئی۔
حیدرآباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کو یقینی بنانے کے لیے اس کے اہلکار ہر وقت مستعد اور خدمات انجام دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔



