جرائم و حادثات

دہلی میں دن دہاڑے فائرنگ، راشد نامی نوجوان کی موت

نئی دہلی  : دہلی کے دیال پور میں راشد نامی نوجوان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا  واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمین کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں تین مشتبہ افراد ایک اسکوٹی پر فرار ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ فوٹیج میں ملزمین کو فائرنگ کرتے اور موقع سے بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

پولیس کے مطابق پیر کی شام تقریباً 6:10 بجے نہرو وہار علاقے میں تین حملہ آوروں نے راشد نامی شخص پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے واٹر پلانٹ آپریٹر راشد شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر جی ٹی بی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

 

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ملزمان نے ہیلمٹ جبکہ تیسرے نے ٹوپی پہن رکھی تھی۔ فائرنگ کے بعد فرار ہونے کے دوران ان کی اسکوٹی گر گئی، تاہم وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ واقعے کے وقت علاقے میں متعدد افراد موجود تھے، لیکن خوف کے باعث کسی نے ملزمین کو  پکڑنے کی کوشش نہیں کی۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس اور فارنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد جمع کیے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمین کی گرفتاری کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور قتل کے محرکات کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمین کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button