جرائم و حادثات

ای ڈی کے دھاوے کے دوران نویں منزل سے 500روپے کے نوٹوں سے بھرے بیاگ نیچے پھینکے گئے

موہالی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پنجاب کے موہالی ضلع میں ایک رہائشی عمارت پر  کارروائی کی، جس کے دوران نویں منزل سے 500روپے کے نوٹوں سے بھرے دو بیگ نیچے پھینکے جانے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔

 

حکام کے مطابق یہ کارروائی کھارڑ ریزیڈینشل سوسائٹی میں واقع ویسٹرن ٹاورس کے فلیٹ نمبر 906 میں کی گئی۔ تلاشی کے دوران اوپر سے پھینکے گئے بیاگس میں 500 روپے کے نوٹوں کی گڈیاں برآمد ہوئیں، جو عمارت کے گراؤنڈ فلور کے قریب بکھری ہوئی پائی گئیں۔

 

ای ڈی ذرائع کے مطابق موہالی اور چندی گڑھ میں مجموعی طور پر 12 مقامات پر دھاوے کئے گئے، جن میں بلڈرز اور ہاؤسنگ پراجیکٹس سے وابستہ افراد کے مکانات شامل ہیں۔ اس کارروائی کے دوران ایک سرکاری عہدیدار کے قریبی ساتھی نتن گوہل کے گھر پر بھی تلاشی لی گئی۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گریٹر موہالی ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی  کے لائسنس حاصل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر زمین گھوٹالے اور عوام سے دھوکہ دہی کے ذریعہ کروڑوں روپے جمع کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ سن ٹیک سٹی پراجیکٹ، اے بی ایس ٹاؤن شپس پرائیویٹ لمیٹڈ، آلٹس بلڈرز اور دھیر کنسٹرکشنز جیسے اداروں سے متعلق مقامات پر بھی دھاوے کئے گئے۔

 

ای ڈی حکام کا کہنا ہے کہ نتن گوہل پر جی ایم اے ڈی اے فیس میں ڈیفالٹرز کی مدد اور انہیں سیاسی تحفظ فراہم کرنے کے بھی الزامات ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button