جرائم و حادثات

فون پر زیادہ بات کررہی تھی بیٹی، ماں نے قتل کردیا۔ رنگاریڈی ضلع میں سنسنی خیز واردات

حیدرآباد ۔ ضلع رنگاریڈی کے شاد نگر علاقے کی کتور میونسپلٹی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں موبائل فون پر زیادہ بات کرنے اور بات نہ ماننے سے ناراض ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنی ہی 14 سالہ بیٹی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

 

شاد نگر کی ڈی سی پی شیریشا کے مطابق ہنومان کالونی میں رہنے والے آٹو ڈرائیور راجو اور وجئے لکشمی کی تین بیٹیاں ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی 14 سالہ ساورچلا مقامی سرکاری ہائی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماں وجئے لکشمی کو سیندھی پینے کی عادت تھی اور بیٹی ماں کو روکا کرتی تھی جبکہ ماں، بیٹی کے کثرت سے سیل فون دیکھنے کی عادت سے ناراض تھی۔

 

27 اکتوبر کی شام ماں اور بیٹی کے درمیان اسی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس دوران برہم ہوکر ماں نے مبینہ طور پر بیٹی کا گلا گھونٹ دیا جس سے اس کی موت ہوگئی۔ بعد ازاں قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے اس نے بیٹی کے گلے میں ساڑی کا پھندا ڈال دیا اور شوہر کو فون کرکے گھر بلایا۔

 

لڑکی کو سرکاری دواخانے منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بیٹی کی موت پر ابتدا میں باپ کو شبہ تھا کہ شاید پیٹ میں شدید درد کے باعث اس نے خودکشی کرلی ہوگی۔ تاہم اس کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ لڑکی کا قتل کردیا گیا۔

 

پولیس نے شبہ کی بنیاد پر ماں سے پوچھ تاچھ کی تو اس نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کرلیا۔ ملزمہ نے بتایا کہ بیٹی موبائل فون پر زیادہ بات کرتی تھی اور اس کی بات نہیں مانتی تھی جس پر برہم ہوکر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button