پوچارم کو سیاحتی مرکز بنانے بی آرک طالبہ سمیہ فاطمہ کی منفرد پہل

میدک، 30 اکتوبر (اردو لیکس نیوز، ابو فہد فصیح): تلنگانہ کے ضلع میدک کے پوچارم علاقے کو ایک منفرد سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے مقصد سے حیدرآباد کی اورورا ڈیزائن اکیڈمی کی بی آرک طالبہ سمیہ فاطمہ نے تحقیقی منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ضلع کلکٹر پراتیما سنگھ آئی اے ایس سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے منصوبے ’’پوچارم – ملٹی ٹورازم ڈیسٹینیشن‘‘ کی تفصیلات پیش کیں اور سرکاری تعاون کی درخواست کی۔
سمیہ فاطمہ، دختر سید عامر محی الدین، ساکن اعظم پورہ میدک، اپنے تحقیقی منصوبے میں پوچارم کے قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے، سیاحتی امکانات اور مقامی عوام کے روزگار کے ذرائع کا جائزہ لے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحتی سہولیات، بنیادی ڈھانچے، وائلڈ لائف سینکچری، ماحولیاتی حساس علاقے اور ذخیرۂ آب سے متعلق قانونی پابندیوں کا بھی مطالعہ کیا جائے گا۔
ضلع کلکٹر پراتیما سنگھ نے طالبہ کی اس تعلیمی و تحقیقی کوشش کی ستائش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ طالبہ نے متعلقہ سرکاری محکموں سے معلومات، نقشہ جات اور ریکارڈ کے حصول میں تعاون کی درخواست کی۔ اس منصوبے کا مقصد پوچارم کی قدرتی خوبصورتی اور مقامی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی عوام کی شمولیت سے پائیدار ترقی کی راہیں تلاش کرنا ہے۔



