جرائم و حادثات

کرائے کے قاتلوں سے شوہر نے کروایا بیوی کا قتل، بنائی حملہ کی جھوٹی کہانی۔ پولیس نے کردیا شاطر شوہر کی چالاکی کا پردہ فاش

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ ضلع سنگاریڈی کے آئی ڈی اے بولارم پولیس اسٹیشن کے حدود میں گزشتہ ماہ پیش آنے والے ایک خاتون کے بہیمانہ قتل کیس کو پولیس نے حل کر لیا ہے۔

 

پولیس تحقیقات میں یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے کہ شوہر نے اپنی ہی بیوی کو راستے سے ہٹانے کے لیے سپاری گینگ کا سہارا لیا اور خود کو قانون کی گرفت سے محفوظ رکھنے کیلئے اس نے بہار سے تعلق رکھنے والے چار پیشہ ور قاتلوں کو بلا کر اپنی بیوی کا بے رحمی سے قتل کروا دیا۔

 

اس کے بعد ملزم نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی جھوٹی کہانی بیان کی لیکن پولیس نے حکمتِ عملی سے کام لیتے ہوئے شوہر کے اس گھناؤنے منصوبے کا پردہ فاش کر دیا۔ پولیس نے شوہر سمیت سپاری گینگ کے ایک رکن کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے

 

انیل کمار اور اس کی بیوی مینا دیوی (35 سال) سائبر آباد کمشنریٹ کے تحت ضلع سنگاریڈی کے آئی ڈی اے بولارم کی وینکٹیشورا کالونی میں مقیم تھے۔ ان کے تین بچے ہیں۔ انیل خانگی ملازم بتایا گیا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے میاں بیوی کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور دونوں میں اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے۔

 

گزشتہ 30 مئی کی شام یہ جوڑا آئی ڈی اے بولارم کی ایک مقامی مارکیٹ گیا تھا۔ سبزیوں کی خریداری کے بعد جب وہ موٹر سائیکل پر واپس لوٹ رہے تھے تو ایک سنسان علاقے میں ان کی گاڑی اچانک رک ہو گئی۔ انیل گاڑی سے اتر کر اسے ٹھیک کرنے کا ڈراما کرنے لگا۔ اسی دوران وہاں تین نامعلوم افراد پہنچے اور پیچھے کھڑی مینا دیوی کو گھسیٹ کر جھاڑیوں میں لے گئے۔

 

انیل نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ خوفزدہ ہو کر پہلے کچھ دور بھاگا لیکن جب بیوی کو بچانے واپس آیا تو حملہ آوروں نے اس کی آنکھوں کے سامنے مینا کا گلا کاٹ کر اسے قتل کر دیا۔ انیل نے یہ بھی کہا کہ جب اس نے مزاحمت کی تو ملزمین نے اس پر بھی چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہو گئے۔

 

پولیس نے انیل کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے جب جائے واقعہ کا معائنہ کیا تو انہیں پورا معاملہ مشکوک محسوس ہوا۔ انیل کا رویہ غیر معمولی تھا اور ابتدائی میڈیکل جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ انیل کے جسم پر موجود زخم کسی حملے کے نہیں بلکہ خود کے لگائے ہوئے محسوس ہورہے تھے۔

 

پولیس کا انیل پر شک یقین میں بدل گیا جس کے بعد اسے حراست میں لے کر مختلف زاویوں سے تحقیقات کی ۔ انیل کے ہاتھوں اور پیٹھ پر چاقو کے زخم کسی فلمی کہانی کی طرح فرضی معلوم ہو رہے تھے۔

 

پولیس نے اس کیس کو ایک چیلنج کے طور پر لیا اور جب سختی سے پوچھ گچھ کی تو اصل سچائی سامنے آ گئی۔ بیوی سے نفرت کی آگ میں جل رہے انیل نے پولیس کو دھوکہ دینے کا پورا اسکرپٹ تیار کیا تھا۔ اس نے بہار سے اپنے چار جاننے والوں کو سپاری دے کر

 

حیدرآباد بلوایا اور منصوبے کے مطابق بیوی کو سنسان جگہ لے جا کر موت کے گھاٹ اتروا دیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم انیل اور سپاری گینگ کے ایک رکن کو ریاست بہار سے گرفتار کرکے ٹرانزٹ وارنٹ پر شہر منتقل کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button