کریم نگر ڈکیٹی کیس میں اہم پیشرفت۔ ملزمین پکڑے گئے!

کریم نگر۔ تلنگانہ کے کریم نگر میں سنسنی پھیلانے والی ڈکیتی کی واردات کو پولیس کی جانب سے حل کرنے کی اطلاعات ہیں۔
22 جولائی کی نصف شب بھگت نگر کے ایک مکان میں نقاب پوش افراد نے گھس کر ارکان خاندان کو رسیوں سے باندھ دیا تھا پھر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور تقریباً 60 تولے سونے کے زیورات اور 21 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
اس سنگین واردات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس کمشنر غوث عالم نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ انہوں نے خود جائے واردات کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندان سے معلومات اور شواہد جمع کیے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے تکنیکی شواہد مشتبہ افراد کی نگرانی اور متاثرین کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر تحقیقات آگے بڑھائیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس واردات میں ملوث افراد متاثرہ خاندان کے ہی رشتہ دار ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ملزمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم پولیس نے تاحال اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سنسنی خیز پی ایم جے ڈکیتی کیس کو کامیابی سے حل کرنے پر کریم نگر پولیس کی تفتیشی مہارت کو ریاستی پولیس نے کیس اسٹڈی کے طور پر تربیتی پروگراموں میں شامل کیا تھا۔
اب ایک اور اہم اور حساس کیس کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں حل کیے جانے پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔



