کریم نگر پی ایم جے جویلری شو روم ڈکیتی کیس میں ’گولڈن تھیف‘ گیانگ ملوث – بہار و بنگال سے 3 گرفتار
کریم نگر – تلنگانہ کے کریم نگر شہر کے پی ایم جے جیولری ڈکیتی کیس میں پولیس نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدگان کے قبضہ سے پستول، گاڑیاں اور بھاری مقدار میں طلائی زیورات ضبط کئے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزمین موٹر سائیکلوں پر مہاراشٹرا کے راستے مغربی بنگال فرار ہوگئے تھے۔ خصوصی ٹیموں نے بہار اور بنگال میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمین کو حراست میں لیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بہار سے تعلق رکھنے والا بدنام زمانہ ’’گولڈن تھیف‘‘ سبودھ سنگھ اس سنسنی خیز ڈکیتی کا اصل ماسٹر مائنڈ ہے۔ پولیس کے مطابق واردات میں براہِ راست 5 افراد شریک تھے، جن میں سے اب تک تین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس چوری میں براہِ راست اور بالواسطہ طور پر مجموعی طور پر 13 افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ تاہم گینگ لیڈر سبودھ سنگھ سمیت مزید 10 ملزمین تاحال مفرور ہیں، جن کی تلاش کے لیے مختلف ریاستوں میں پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔



