مغربی بنگال میں جانوروں کے ذبیحہ پر سخت قوانین نافذ؛ سرکاری فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر قربانی پر پابندی
کولکتہ – مغربی بنگال کی بی جے پی حکومت نے عیدالضحی سے قبل جانوروں کے ذبیحہ سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے سخت ضوابط نافذ کردیئے ہیں۔ نئے احکامات کے مطابق گائے، بیل، بھینس اور بچھڑوں سمیت کسی بھی جانور کو سرکاری اجازت کے بغیر ذبح نہیں کیا جاسکے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جانور کے ذبیحہ کے لیے مقامی بلدیاتی عہدیدار اور سرکاری ویٹرنری ڈاکٹر کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ سرٹیفکیٹ میں یہ تصدیق ضروری ہوگی کہ جانور کی عمر 14 سال سے زائد ہے اور وہ کام یا افزائش نسل کے قابل نہیں رہا، یا عمر، بیماری، چوٹ یا جسمانی معذوری کے سبب مستقل طور پر ناکارہ ہوچکا ہے۔
حکام کے مطابق یہ سرٹیفکیٹ میونسپل چیئرمین یا پنچایت سمیتی کے سبھاپتی اور سرکاری ویٹرنری سرجن مشترکہ طور پر جاری کریں گے۔ اگر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کیا جائے تو متاثرہ شخص 15 دن کے اندر ریاستی حکومت سے اپیل کرسکتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ذبیحہ صرف بلدیاتی سلاٹر ہاؤس یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے مقررہ مقامات پر ہی کیا جاسکے گا۔ عوامی مقامات پر جانور ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
حکام کو جانچ کے لیے کسی بھی مقام کا معائنہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے اور معائنہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ضوابط کی خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید، ایک ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔ حکومت نے تمام جرائم کو قابلِ دست اندازیِ پولیس قرار دیا ہے۔




