جرائم و حادثات

زیورات لوٹ کر خاتون کو کنویں میں پھینک دیا، 21 گھنٹے بعد زندہ نکلی خاتون – تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں واقعہ

کریم نگر میں دل دہلا دینے والا واقعہ – مزدوری دلانے کے بہانے خاتون کے زیوارت لوٹ کر  کنویں میں دھکیل دیا گیا ، 21 گھنٹے بعد زندہ بچ نکلی

 

کریم نگر: تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں مزدوری دلانے کے بہانے ایک 55 سالہ خاتون کو سنسان مقام پر لے جا کر اس کے زیورات اور نقدی لوٹنے کے بعد کنویں میں دھکیل دیا گیا۔ حیرت انگیز طور پر خاتون تقریباً 21 گھنٹے کنویں میں رہنے کے باوجود زندہ بچ گئی۔

 

پولیس کے مطابق گنگادھرا لکشمی، جو تیمماپور منڈل کے کسان نگر علاقے کی رہائشی ہیں، روزانہ کی طرح مزدوری کے لئے گئی تھیں۔ ایک نامعلوم شخص انہیں کام دلانے کے بہانے نستولاپور گاؤں کے مضافات میں لے گیا، جہاں اس نے ان کے پاس موجود آدھا تولہ سونا اور 4 ہزار روپے نقد لوٹ لیے اور انہیں کنویں میں دھکیل دیا۔

 

خاتون جب کنویں میں موجود رسی پکڑ کر اوپر آنے کی کوشش کر رہی تھیں تو ملزم نے رسی بھی کاٹ دی اور فرار ہوگیا۔ تاہم متاثرہ خاتون نے تیرتے ہوئے موٹر کے پائپ کو پکڑ کر پوری رات اپنی جان بچائے رکھی۔

 

رات دیر گئے تک ماں کے گھر نہ پہنچنے پر اس کے بیٹے سندیپ نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ موبائل فون لوکیشن کی بنیاد پر تلاش کی گئی، مگر خاتون کا سراغ نہیں ملا۔

 

اگلی صبح تقریباً 7 بجے زمین کے مالک کو کنویں سے مدد کے لیے چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔ اس نے جھانک کر دیکھا تو خاتون اندر موجود تھیں، جس کے بعد مقامی افراد نے انہیں بحفاظت باہر نکالا۔

 

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، متاثرہ خاتون کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button