جرائم و حادثات

اترپردیش میں سادھو کے قتل کا اہم ملزم پولیس انکاونٹر میں ہلاک

نئی دہلی :  اتر پردیش کے ضلع اناؤ میں سادھو رام ملن داس عرف بابا ملن داس کے قتل کیس کا مرکزی ملزم محمد اسرائیل پولیس انکاونٹر میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جے پرکاش سنگھ کے مطابق اسرائیل نے 9 جون کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بابا ملن داس کا قتل کیا تھا اور واردات کے بعد سے مفرور تھا۔

 

پولیس کے مطابق پیر کی علی الصبح مخبر کی اطلاع پر تاج پور انڈر پاس کے قریب اسرائیل کی گھیرابندی کی گئی۔ پولیس نے اسے خودسپردگی کا موقع دیا، تاہم اس نے فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں ہونے والی فائرنگ میں وہ ہلاک ہوگیا۔ مقابلہ میں ایک پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک افسر بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا۔

 

پولیس نے ملزم کے قبضہ سے 315 بور کا دیسی اسلحہ، کارتوس اور وہ چاقو بھی برآمد کرلیا جس سے مبینہ طور پر سادھو کا قتل کیا گیا تھا۔ دو روز قبل اسرائیل پر ایک لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔

 

ادھر مقتول سادھو کے بھائیوں نے الزام لگایا کہ بابا ملن داس زیر تعمیر شیو مندر میں بھجن چلاتے تھے، جس پر بعض افراد ناراض تھے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مندر کی سرگرمیاں رکوانے کے لئے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔

 

اس کیس میں نامزد دیگر ملزمین میں سے کئی کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button