جرائم و حادثات

خاتون کی شکایت نظرانداز کرنا سب انسپکٹر کو مہنگا پڑا – لاپرواہی کے الزام میں کورٹلہ ایس آئی معطل

کورٹلہ -24جولائی (ایم کے نعیم الدین )تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کورٹلہ پولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر (ایس آئی) چرنجیوی کو ڈیوٹی میں مبینہ لاپروائی برتنے کے الزام میں اعلیٰ حکام نے معطل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی حال ہی میں قتل کی گئی خاتون کرّے سنیتا کے معاملے میں ابتدائی تحقیقات کے بعد عمل میں آئی۔

 

اطلاعات کے مطابق کرّے سنیتا نے کچھ عرصہ قبل اپنے اوپر حملہ کرنے والے شخص کے خلاف کورٹلہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی، تاہم الزام ہے کہ متعلقہ ایس آئی نے شکایت پر مقدمہ درج کرنے یا مؤثر کارروائی کرنے میں غفلت برتی۔ بعد ازاں سنیتا کے قتل کے بعد یہ معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا، جس پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے واقعہ کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ جاتی تحقیقات شروع کیں۔

 

ابتدائی تحقیقات میں مبینہ لاپروائی کے شواہد سامنے آنے پر ایس آئی چرنجیوی کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مزید محکمہ جاتی یا قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button