جرائم و حادثات

"تم بہت موٹی ہو، تم مجھے پسند نہیں ہو”۔ شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتاردیا

حیدرآباد: ریاست کرناٹک میں ایک شوہر نے محض اس لئے اپنی بیوی کو قتل کردیا کیونکہ وہ موٹی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع دھارواڑ میں حال ہی میں ایک نرس کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔

 

شوہر نے نہ صرف اضافی جہیز کے لیے اسے ہراساں کیا بلکہ جسمانی ساخت کا مذاق اڑاتے ہوئے (باڈی شیمنگ کرتے ہوئے) گلا گھونٹ کر اسے بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس نے مقتولہ کی شناخت 29 سالہ پرینکا کملانکر کے طور پر کی ہے۔ پیشے سے اسٹاف نرس پرینکا کی شادی دسمبر 2024 میں بسواراج وڈار نامی شخص سے ہوئی تھی۔

 

شادی کے چند ہفتوں بعد ہی شوہر کے ساتھ ساتھ سسرال والوں نے اضافی جہیز کے لیے پریانکا کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔جہیز کے مطالبات کے ساتھ ساتھ شوہر بسواراج مسلسل پرینکا کی جسمانی ساخت کو نشانہ بنا کر اس کا مذاق اڑاتا تھا۔ وہ روزانہ یہ کہہ کر اسے شدید ذہنی اور جسمانی اذیت دیتا تھا کہ

 

"تم بہت موٹی ہو، تم مجھے پسند نہیں ہو، اور تمہارے بچے نہیں ہو سکتے۔” مقتولہ کے ارکان خاندان کے الزامات کے مطابق شادی کے بعد پرینکا دو بار حاملہ ہوئی تھی لیکن شوہر کے بے رحمانہ جسمانی تشدد کی وجہ سے دونوں بار اس کا حمل ضائع ہو گیا۔

اسی دوران پیر کی رات میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر غصے میں آکر بسواراج نے انسانیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے انتہائی بے رحمی سے پرینکا کا گلا گھونٹ کر اسے قتل کر دیا۔ اس واقعے کے دو دن بعد جب یہ معاملہ سامنے آیا تو گاؤں میں سنسنی پھیل گئی۔

 

پرینکا کے ارکان خاندان کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کر کے ملزم شوہر بسواراج اور اس کے خاندان کے ارکان کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button