حیدرآباد فائرنگ واقعہ ۔ پولیس نے بتائی گولیاں چلانے کی وجہہ۔ ملزم کے حملہ میں ملازم پولیس زخمی

حیدرآباد۔ حیدرآباد کے آؤٹر رنگ روڈ منگل اور چہارشنبہ کی رات دیر گئے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ انتہائی مطلوب مجرم بھوشمی سریکانت حیدرآباد میں موجود ہے۔
اس اطلاع پر نلگنڈہ سی سی ایس پولیس کی ایک خصوصی ٹیم اسے گرفتار کرنے کے لیے روانہ ہوئی۔ آدی بٹلہ پولیس اسٹیشن کے قریب بونگولورو او آر آر ایگزٹ-12 پر جب پولیس نے سریکانت کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو اس نے مبینہ طور پر خنجر سے پولیس ملازمین پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملازمین پولیس نے اپنی جان بچانے کے لیے پہلے تین راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی اس کے بعد اس کے پیروں پر گولی چلائی۔ زخمی ہونے کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے حملہ میں نلگنڈہ سی سی ایس کے ہیڈ کانسٹیبل وشنو وردھن گیری کے سر پر چوٹ آئی جنہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
زخمی ملزم کو بھی علاج کے لیے حیدرآباد کے ونستھلی پورم علاقے کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مغربی گوداوری ضلع کے نرساپور سے تعلق رکھنے والا بھوشمی سری کانت ابتدا میں معمولی سرقہ کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ سال 2007 میں گرفتاری کے دوران اس پر ایک کانسٹیبل وینو بابو کے قتل کا الزام ہے جس کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق اس کے خلاف 120 سے زائد مقدمات درج ہیں ۔ضلع ایس پی شرت چندر پوار کی ہدایت پر پولیس نے سری کانت کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ حیدرآباد میں اس کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے
بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے آخرکار اسے گرفتار کر لیا۔



