ایجوکیشن

میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند تلنگانہ کے طلبہ کے لئے ایک خوشخبری

حیدرآباد _ 4 جولائی ( اردولیکس) تلنگانہ میں میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند مقامی طلبہ کے لئے ایک خوشخبری ہے  ریاستی حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل کالجس ایڈمیشنس قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے منگل کو جی او72جاری کیا ہے جس کے ذریعہ تعلیمی سال 2023-24سے 1820اضافی ایم بی بی ایس سیٹوں کو یقینی بنایاجائے گا۔جاریہ سال سے اضافی سیٹیں جو تقریبا 18میڈیکل کالجس کے قیام کے مساوی ہیں ہر کالج میں 100میڈیکل سیٹس طلبہ کیلئے دستیاب رہیں گی

 

۔نئی ترمیم کے مطابق 2جون 2014کے بعد قائم میڈیکل کالجس کو اپنی ایم بی بی ایس کی صد فیصد سیٹیں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے محفوظ کرنا ہوگا۔تاحال ایسے میڈیکل کالجس کی 85فیصد سیٹیں ہی تلنگانہ کے طلبہ کیلئے محفوظ رکھی گئی تھیں جبکہ بقیہ 15فیصد کو غیرمحفوظ زمرہ میں رکھاگیا تھا اور تلنگانہ اور اے پی سے تعلق رکھنے والے خواہشمندوں کو ان میڈیکل سیٹوں کیلئے مسابقت کرنی پڑتی تھی تاہم اب سے تلنگانہ کی تشکیل کے بعد قائم میڈیکل کالجس کی تمام میڈیکل سیٹیں تلنگانہ کے طلبہ کیلئے محفوظ ہوں گی

 

۔تلنگانہ کی تشکیل سے پہلے ریاست میں 20میڈیکل کالجس سرکاری اور پرائیویٹ تھے اور 2023-24میں ان کی تعداد بڑھ کر 56ہوگئی۔اسی طرح سال 2014سے پہلے ایم بی بی ایس کی 2850نشستیں تھیں جن کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے سال 2023میں سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجس کی نشستوں کی تعداد کو 8340کردیاگیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button