انٹر نیشنل

نریندر مودی سے سوال کرنے والی ناروے کی صحافی کو حیدرآباد آنے سے روک دیا گیا، پرواز سے عین قبل ویزا منسوخ

نئی دہلی: ناروے کی خاتون صحافی ہیلے لِنگ 12 سے 14 نومبر تک تلنگانہ حکومت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریب ‘بھارت سمٹ‘ میں شرکت کے لیے حیدرآباد کا سفر کرنے والی تھیں جہاں انہیں ‘میڈیا کا مستقبل‘ کے موضوع پر ایک پینل میں اظہار خیال کرنا تھا۔

 

ان کے پاس سمٹ میں شرکت کے لیے بھارت میں داخلے کا مجاز ویزا موجود تھا تاہم جب وہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے والی تھیں تو ناروے میں بھارتی سفارت خانے سے انہیں ایک فون کال موصول ہوئی۔ ان کے مطابق انہیں فون پر بتایا گیا کہ ان کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے اور وہ بھارت کا سفر نہیں کر سکتیں۔

 

بعد ازاں انہیں ویزا کی باقاعدہ منسوخی کے لیے سفارت خانے میں ذاتی طور پر حاضر ہونے کو بھی کہا گیا۔ہیلے لِنگ نے رواں سال مئی میں اوسلو میں ایک اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے یہ سوال پوچھ کر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی تھی کہ وہ صحافیوں کے سوالات کا جواب کیوں نہیں دیتے۔

 

ان کا کہنا ہے کہ انہیں قانوناﹰ مؤثر ویزا ہونے کے باوجود اپوزیشن کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام حیدرآباد میں منعقد ہونے والی بھارت سمٹ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔لِنگ نے بتایا کہ ہوائی اڈے کے لیے روانگی سے صرف 10 منٹ قبل سفارت خانے نے انہیں سفر نہ کرنے کی ہدایت دی۔ہیلے لِنگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا

 

”بھارتی وزارت داخلہ میں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر میرا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘‘انہوں نے کہا، ”آج مجھے پہلی مرتبہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت جانا تھا۔ میں بہت پرجوش تھی۔ میں نے اپنا سامان پیک کر لیا تھا۔ میرے پاسپورٹ پر ویزا بھی لگا ہوا تھا اور میں سفر کے لیے تیار تھی۔ میں ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے والی تھی کہ عین 10 منٹ قبل ناروے میں بھارتی سفارت خانے سے فون آیا

 

اور کہا گیا کہ آج آپ بھارت نہیں جا سکتیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ”میں قدرے حیران ہوں، کیونکہ میرے پاس سیاسی منظوری بھی ہے، ویزا بھی موجود ہے اور تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں ایک کانفرنس میرا انتظار کر رہی ہے۔ مجھے وہاں میڈیا، صحافتی آزادی، جمہوریت اور ان تینوں کے باہمی تعلق پر اظہار خیال کرنا تھا۔‘‘اوسلو کے اخبار Dagsavisen سے وابستہ اس صحافی نے کہا کہ انہیں ان کا ویزا منسوخ کیے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

 

ان کے مطابق، ”بظاہر‘‘ بھارتی وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں داخل نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کی وجہ نہیں سمجھ سکیں، تاہم انہیں محسوس ہوتا ہے کہ یہ سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔ہیلے لِنگ نے مئی میں اوسلو میں وزیر اعظم مودی سے یہ پوچھ کر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی تھی کہ وہ صحافیوں کے سوالات کا جواب کیوں نہیں دیتے۔

 

ہیلے لِنگ نے اپنی ویڈیو میں بھارت کے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ”شاید اس کا تعلق اس حقیقت سے ہو کہ میں نے مئی 2026 میں اوسلو، ناروے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کرنے کے لیے اپنی صحافتی آزادی کا استعمال کیا تھا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ نریندر مودی کی حکومت پر تنقید جو انہوں نے اپنے ناروے کے اخبار میں شائع ہونے والے مضامین اور بھارتی عوام کے لیے آن لائن تحریروں میں کی، بھی اس فیصلے کی وجہ ہو سکتی ہے۔

 

انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ گوتم اڈانی اور مکیش امبانی جنہیں انہوں نے نریندر مودی کے مبینہ قریبی دوست قرار دیا، کے بارے میں ان کی تنقیدی تحریریں بھی ویزے کی منسوخی کا سبب بنی ہوں۔ انہوں نے ان دونوں ارب پتی کاروباری شخصیات کو بھارت اور ایشیا کے طاقت ور ترین افراد میں شمار کیا۔لِنگ نے مزید کہا کہ انہیں یہ شبہ بھی ہے کہ ‘کاکروچ جنتا پارٹی‘ کی سیاسی مہم کے بارے میں ان کے مثبت مضامین اور اس تحریک کے بانی ابھیجیت دیپکے کے ساتھ انٹرویو بھی ان کے بھارت میں داخلے پر پابندی کی وجہ ہو سکتے ہیں۔

 

اس صحافی نے کہا کہ حیدرآباد میں ان کی پینل ڈسکشن میں شرکت میں ابھی کم از کم دو دن باقی ہیں اور انہیں امید ہے کہ بھارتی حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔انہوں نے بھارتی حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ”اب فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کیا کرتی ہے؟ کیا مجھے ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں، جبکہ میرے پاس سیاسی منظوری، ویزا اور پاسپورٹ موجود ہیں

 

اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری اور بھارت کے لوگ میری آمد کے منتظر ہیں۔‘‘بھارتی وزرات داخلہ اور وزارت خارجہ نے فی الحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

Shadi
Shadi

 

متعلقہ خبریں

Back to top button