سزا سنائے جانے کے دوران مجرم فلمی انداز میں عدالت سے فرار

تمل ناڈو: منشیات کے ایک مقدمے میں جج کی جانب سے سزا سنائے جانے کے دوران ایک مجرم کے عدالت سے فرار ہونے کا واقعہ تمل ناڈو میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈنڈیگل ضلع کے سیروملائی سے تعلق رکھنے والے راجا نامی شخص کو پولیس نے منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ اس مقدمے کی سماعت مدورائی ضلع کورٹ کے احاطے میں واقع پرنسپل سیشن کورٹ میں جاری تھی۔
جمعرات کو اس مقدمے کی آخری سماعت ہوئی جرم ثابت ہونے پر عدالت نے راجا کو سزا سنائی۔تاہم جب جج سزا سے متعلق فیصلے کی تفصیلات سنا رہے تھے اسی دوران راجا عدالت کے کمرے سے فرار ہوگیا۔
موقع پر موجود پولیس اہلکاروں اور وکلاء نے اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے اور ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں ریاست کی مختلف جیلوں اور عدالتوں سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعات مسلسل پیش آرہے ہیں۔
ایسے میں اس تازہ واقعے نے ایک بار پھر سیکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کردیے ہیں اور یہ معاملہ موضوعِ بحث بن گیا ہے۔



