” آپریشن سندور ” کے بعد ہند پاک کشیدگی عروج پر۔ نیم فوجی دستوں کی چھٹیاں منسوخ

نئی دہلی: ہندوستانی افواج نے پہلگام حملے کا جواب ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ دیا ہے اس حملے میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو لمحوں میں ہی نیست و نابود کر دیا گیا، اس جوابی کارروائی سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔
اس درمیان وزارت داخلہ کے ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سبھی نیم فوجی دستوں کی چھٹیاں فوری اثر سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔وزارت داخلہ نے حکم دیا ہے کہ بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی اور سی آئی ایس ایف جیسے سبھی اہم نیم فوجی دستوں کے جوان پوری مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود رہیں۔
سرحد سے متصل علاقوں میں اضافی فوج کی تعیناتی کی جا رہی ہے اور انٹلیجنس انپٹس کی بنیاد پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ہندوستان کی کارروائی سے پاکستان میں زبردست بوکھلاہٹ ہے اور وہ جوابی حملے کی گیدڑ بھبھکی دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کسی بھی جوابی کارروائی یا دہشت گردی سے نپٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔ خاص طور سے جموں و کشمیر، پنجاب اور راجستھان سرحد پر اضافی جوان تعینات کیے جا رہے ہیں۔
ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ، میٹرو اور حساس علاقوں میں سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ مرکزی ایجنسیوں اور ریاستوں کی پولیس کو بھی مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر حرکت پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔