دبئی کی جبل علی صنعتی علاقے میں 20 منٹ میں سات دھماکے
دبئی کی جبل علی صنعتی علاقے میں دھماکے، حوثی باغیوں کے حملے کا دعویٰ
ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے مبینہ طور پر دبئی کے جبل علی صنعتی علاقے کو نشانہ بنایا، جہاں متعدد دھماکوں اور آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں صنعتی علاقے سے آگ کے شعلے اور دھویں کے گہرے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اماراتی حکام نے تقریباً 20 منٹ کے دوران کم از کم سات دھماکوں کی تصدیق کی، تاہم واقعے کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔
متحدہ عرب امارات کے سرکاری میڈیا نے واقعہ کی تفصیلات جاری نہیں کیں، البتہ اس علاقے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی تصدیق کی ہے۔ ناسا کی تھرمل تصاویر کے مطابق آگ جبل علی بندرگاہ کے قریب واقع ایک گودام میں لگی، جہاں ایندھن ذخیرہ اور منتقل کیا جاتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آگ کی ویڈیو بنانے پر کم از کم دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعاء میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ملی ہیں، تاہم ان کی وجوہات کے بارے میں متضاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔ بعض ذرائع نے انہیں فضائی حملوں کا نتیجہ قرار دیا، جبکہ دیگر کے مطابق یہ یمن سے میزائل داغے جانے سے متعلق تھے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لئے ممکنہ عبوری معاہدے پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی بحری تجارت کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔




