اسکول کی دو منزلہ عمارت منہدم _ 22 طلبہ جاں بحق ؛ درجنوں طلبہ زخمی

حیدرآباد _ 13 جولائی ( اردولیکس ڈیسک) مغربی افریقہ کے اسلامی ملک نائجیریا میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے سے 22 بچے جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی نائجیریا میں ایک دو منزلہ اسکول کی عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے کلاس روم میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثے میں 22 طلباء کی موت ہو گئی ہے۔ راحت اور بچاؤ ٹیموں نے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں تاکہ ملبے کے نیچے دبے طلباء کو نکالا جا سکے۔
بسا بوجی کمیونٹی کے سینٹس اکیڈمی کالج میں کلاس شروع ہونے کے فوراً بعد اسکول کی عمارت منہدم ہوگئی۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں 15 سال سے کم عمر کے طالب علم بھی شامل ہیں۔ پولیس کے ترجمان الفریڈ نے بتایا کہ ملبے میں کل 154 طلباء پھنسے ہوئے تھے اور 132 کو بچا لیا گیا ۔ یہ تمام افراد اس وقت مختلف ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اسکول کی عمارت کی کمزور ساخت اور دریا کے کنارے واقع ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
حکومت نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ خستہ حال اسکولوں کی فوری نشاندہی کریں اور انہیں بند کر دیں۔ افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا میں عمارتیں گرنا معمول بن گیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں اس طرح کے ایک درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔