ایس آئی آر کے ذریعہ 13 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کرنے پر امریکی رکن کانگریس پرمیلا جے پال کا اظہارِ تشویش
ایس آئی آر کے ذریعہ 13 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کرنے پر امریکی رکن کانگریس پرمیلا جے پال کا اظہارِ تشویش
نئی دہلی: ہندوستان میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے تحت مسودہ ووٹر فہرستوں سے تقریباً 13 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کئے جانے پر امریکہ کی رکن کانگریس اور ہندوستانی نژاد پرمیلا جے پال نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام حذف کرنے کی کارروائی کو جمہوریت مخالف کوشش قرار دیا۔
پرمیلا جے پال نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہندوستان میں ووٹروں کے نام اجتماعی طور پر حذف کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندوستان میں اختیار کیا جانے والا طریقہ کار امریکہ میں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے ووٹروں کے حقوق محدود کرنے کے لئے اپنائی گئی حکمت عملی سے مشابہت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت پسند افراد ایسی کارروائیوں کی حمایت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے دہلی، ممبئی سمیت ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ایس آئی آر کے خلاف ووٹروں کے نام حذف کئے جانے پر احتجاج کرنے والوں سے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حق رائے دہی جمہوریت کی بنیاد ہے اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے پُرامن طریقے سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کی جانی چاہئے۔
واضح رہے کہ ایس آئی آر کے خلاف ملک بھر میں اپوزیشن جماعتیں احتجاج کررہی ہیں اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔ ایسے میں پرمیلا جے پال کا یہ بیان اہمیت اختیار کرگیا ہے۔


