نیشنل

دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے مبینہ روابط کے الزام میں 8 افراد گرفتار – گجرات اے ٹی ایس کی کاروائی

احمد آباد: گجرات انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے ریاست میں ممنوعہ دہشت گرد تنظیم جیشِ محمد کا نیٹ ورک قائم کرنے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی سازش کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں سات کا تعلق گجرات جبکہ ایک کا تعلق مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے۔

 

اے ٹی ایس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزمین گجرات میں جیشِ محمد کا فعال نیٹ ورک قائم کرنے، نئے افراد کو تنظیم میں شامل کرنے اور اس کے نظریات کی تشہیر میں مصروف تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ مختلف ذرائع کے ذریعہ ملک بھر کے افراد سے رابطہ کرکے انہیں انتہا پسند نظریات کی جانب راغب کرتے، دعوتی سرگرمیاں چلاتے اور تنظیم کے لیے نئی بھرتیاں کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

 

تحقیقات کے مطابق ملزمین نے مبینہ طور پر "دارالاسلام گجرات جیشِ محمد” کے نام سے ایک تنظیم بھی قائم کی تھی۔ اے ٹی ایس کا دعویٰ ہے کہ ملزمین پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز عبداللہ اور محمد عمر سے مسلسل رابطے میں تھے۔ انہوں نے جیشِ محمد کا لٹریچر اردو سے گجراتی زبان میں ترجمہ کرکے اس کی تشہیر کی اور گجرات میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی سازش میں سرگرم کردار ادا کیا۔

 

اے ٹی ایس کے مطابق اس سازش کے لئے ملزمین کو تقریباً تین لاکھ روپے موصول ہوئے تھے، جن میں سے کچھ رقم ایک پرانی کار خریدنے پر خرچ کی گئی، جس کی ملکیت ابھی تک ان کے نام منتقل نہیں کی گئی تھی۔

 

دھاوے کے دوران اے ٹی ایس نے ایک ملزم کے موبائل فون میں موجود خفیہ ایپلی کیشن سے 254 ڈیجیٹل فائلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں مبینہ جہادی کتابیں، تقاریر، آڈیو اور ویڈیو فائلیں، تصاویر اور جیشِ محمد کا پرچم شامل ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں شائع ہونے والی جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی دو کتابیں، تنظیم میں شمولیت کی درخواست پر مشتمل اردو زبان کے آٹھ خطوط، ہاتھ سے لکھی گئی اردو تحریروں کی تصاویر اور دو ملزمان کی جانب سے تیار کردہ جیشِ محمد کے لٹریچر کے گجراتی تراجم بھی ضبط کئے گئے۔

 

گرفتار ملزمین میں احمد عبداللہ گجی والا عرف ابو عبیدہ، ابراہیم محمد حسین گھاگھا عرف ابو حمزہ، مدثر عبداللہ گجی والا عرف ابو آیا، زکریا درانی محمد عمار گھاگھا عرف ابن عمار، مفتی فوجان اسماعیل دووا عرف مفتی صاحب، محمد امین شیرا عرف امین پالن پوری، محمد عبدالرحمن ساودی عرف محمد پالن پوری اور مدھیہ پردیش کے دیواس سے تعلق رکھنے والا بلال درانی محمد عمار گھاگھا عرف ابو دجانہ شامل ہیں۔

 

پولیس نے تمام آٹھ ملزمان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کی مختلف دفعات، جن میں غیر قانونی سرگرمیاں، دہشت گردی کے لیے فنڈ جمع کرنا، دہشت گردانہ سازش، دہشت گرد تنظیم کی رکنیت اور اس کی معاونت شامل ہیں، کے علاوہ بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) 2023 کی مجرمانہ سازش اور جرم کی منصوبہ بندی چھپانے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button