نیشنل

مسلمان گربا میں بہنوں اور بیٹیوں کو ساتھ لائیں: مدھیہ پردیش بی جے پی رکن اسمبلی کے متنازعہ بیان پر اپوزیشن کا شدید ردعمل

بھوپال – مدھیہ پردیش کے بھوپال کی حُضور اسمبلی حلقہ سے  نمایندگی کرنے والے بی جے پی رکن اسمبلی رمیشور شرما نے ایک عوامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم نوجوان اکیلے گربا میں نہ آئیں بلکہ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو بھی ساتھ لائیں۔ انہوں نے کہا، ’’مسلم نوجوان اکیلے گربا میں کیوں آنا چاہتے ہیں؟ انہیں اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو بھی ساتھ لانا چاہئے۔‘‘

 

اس کے بعد مسکراتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’ہمارے لڑکے بھی تیار ہیں‘‘، جس پر پروگرام میں موجود لوگوں نے نعرے لگائے۔

 

شرما نے مزید کہا کہ اگر مسلمان مستقل طور پر گربا میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی وہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آئیں، جئے شری رام کا نعرہ لگائیں اور ماتھے پر تلک لگائیں، کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔‘‘

 

انہوں نے گربا کو تماشہ بنانے اور مبینہ ’’لو جہاد‘‘ کی کوششوں کے خلاف بھی خبردار کیا۔ شرما نے کہا کہ اگر گربا کے دوران ایسی کوششیں کی گئیں تو نوجوان اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپنے والدین کی خدمت کرنے، اپنی بہنوں کی حفاظت کرنے اور دیوی جگدمبا کی آشیرواد لیتے ہوئے ’’راکشسوں‘‘ کا خاتمہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی۔

 

بی جے پی رکن اسمبلی کے متنازعہ بیان پر اپوزیشن کے قائدین نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ بھوپال سینٹرل سے کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا کہ رمیشور شرما کا بیان انتہائی قابل مذمت اور گھٹیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرما کو اپنا رویہ درست کرنا چاہئے اور اس طرح کے نازیبا بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔

 

عارف مسعود نے مزید کہا کہ اگر شرما نے اپنا رویہ درست نہیں کیا تو عوام انہیں جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان گربا میں شرکت نہیں کرتے اور اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں، جبکہ شرما کی جانب سے استعمال کی گئی زبان انتہائی قابل اعتراض ہے۔

 

دوسری جانب کل ہند مجلس اتحاد المسلمین مدھیہ پردیش کے صدر محسن علی خان نے کہا کہ رمیشور شرما کو آئین کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ ان کے مطابق اس طرح کے بیانات ملک میں تقسیم پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے شرما کو بی جے پی کے مسلم رہنماؤں مختار عباس نقوی اور شاہنواز حسین سے مشورہ لینے کا بھی مشورہ دیا۔

 

محسن علی خان نے بی جے پی کے مسلم رہنماؤں سے سوال کیا کہ اگر رمیشور شرما مسلمانوں سے اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو گربا میں لانے کے لیے کہہ رہے ہیں تو کیا سنور پٹیل، جمال صدیقی اور سید ظفر اسلام بھی اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو گربا میں لے کر جائیں گے؟

مجلس کے ریاستی صدر محسن علی خان

متعلقہ خبریں

Back to top button