ٹی این جی اوز یونین کے مرکزی قائدین کی خیریت آباد مہا گنیش سے خصوصی پوجا

حیدرآباد: خیریت آباد سری مہا گنیش کے تہوار کے موقع پر ٹی این جی اوز یونین مرکزی تنظیم کے صدر جگدیشور اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر ایس ایم حسینی مجیب کی قیادت میں یونین کے قائدین نے خیریت آباد سری مہا گنیش کے درشن کرتے ہوئے خصوصی پوجا کی۔
اس موقع پر ایسوسی ایٹ صدر وینکٹیش، نائب صدور نرسمہا ریڈی، سکریٹری شیلجا، مرکزی تنظیم کے قائد چندو، ٹی این جی اوز یونین حیدرآباد سٹی کے صدر سری کانت، حیدرآباد ایسوسی ایٹ صدر اور ٹی این جی اوز یونین اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ تلنگانہ سینٹرل فورم کے صدر کے آر راج کمار، حیدرآباد نائب صدر بولی گدہ شنکر سمیت دیگر قائدین نے گنیش کی پوجا میں شرکت کی۔
اس موقع پر ٹی این جی اوز یونین مرکزی تنظیم کے ذمہ داران نے ریاست کے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کے خاندانوں کی خوشحالی صحت و تندرستی کے لیے گنیش بھگوان سے پرارتھنا کی۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین اور اساتذہ کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے پے ریویژن کمیشن (PRC) پر عمل درآمد، زیر التوا ڈی اے جاری کرنے اور کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم (CPS) کو ختم کرتے ہوئے پرانی پنشن اسکیم (OPS) بحال کرنے کے لیے بھی گنیش بھگوان سے پرارتھنا کی گئی۔
یونین قائدین نے خواہش ظاہر کی کہ سرکاری ملازمین اور اساتذہ کے جائز مطالبات پورے ہوں ان کے خاندان خوشحالی سے زندگی گزاریں ریاست میں خوشحالی آئے اور تمام عوام کو سری گنیش کے آشیرواد حاصل ہوں۔



