حیدرآباد۔ انٹر میں ناکام 3 طلباء کی خودکشی

حیدرآباد ۔تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج جاری ہوتے ہی افسوسناک واقعات پیش آئے چند گھنٹوں کے اندر تین طالب علموں نے علیحدہ علیحدہ مقامات پر خودکشی کر لی۔
پہلا واقعہ ناگول علاقے میں پیش آیا جہاں 17 سالہ اروندھتی جو وائی ایس آر کالونی تٹی انارم میں رہا کرتی تھی اور انٹرمیڈیٹ بائی پی سی (BiPC) گروپ میں پہلے سال کی طالبہ تھی،نتائج میں ناکامی کے بعد شدید مایوسی کا شکار ہو گئی اس نے پھانسی لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
دوسرا واقعہ پیٹ بشیر آباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ 17 سالہ سدھا پرگیہ جو گنڈلہ پوچم پلی کی رہنے والی تھی، ابھی نتائج جاری نہیں ہوئے تھے لیکن اسے امتحان میں ناکامی کا خوف لاحق تھا۔ اسی پریشانی کے عالم میں صبح 6:30 بجے نتائج کے اعلان سے قبل ہی اس نے خودکشی کر لی۔
تیسرا سانحہ بورا بنڈہ علاقہ میں پیش آیا جہاں 17 سالہ پرشانت یادو ساکن اونتی نگر انٹرمیڈیٹ کے چار مضامین میں فیل ہو گیا۔ وہ اس ناکامی کو برداشت نہ کر سکا اور دل برداشتہ ہو کر اس نے پھانسی لے لی۔
یہ تینوں واقعات نوجوان طلبہ پر تعلیمی دباؤ اور ذہنی صحت کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔