مغربی بنگال میں ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا پر انڈوں سے حملہ، بی جے پی کارکنوں پر الزام

کولکتہ : مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سیاسی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ پر حملے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا پارٹی کارکنوں کے ساتھ ایک اجلاس میں شریک تھیں اور ایک دکان کے قریب ان سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اسی دوران چند افراد نے ان پر انڈے پھینکے۔ واقعہ کے بعد انہوں نے خود اس حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کے پیچھے بی جے پی کارکنوں کا ہاتھ ہے۔
مہوا موئترا نے کہا کہ یہ واقعہ مغربی بنگال پولیس کی ناکامی کا ثبوت ہے، کیونکہ حملہ ان کی موجودگی میں پیش آیا۔ انہوں نے پولیس کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے۔
واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں ٹی ایم سی کے کئی اہم قایدین پر حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور بعض سابق وزراء بھی شامل ہیں۔
تاہم، مہوا موئترا کے الزامات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔



