اترپردیش میں آندھی اور طوفان کی تباہی؛ 24 گھنٹوں میں 56 اموات، ٹین شیڈ سمیت نوجوان 100 میٹر دور جا گرا، 51 اضلاع میں الرٹ
لکھنو – اترپردیش میں آندھی، طوفان اور تیز بارش نے تباہی مچادی، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں کم از کم 56 افراد ہلاک ہوگئے۔ سب سے زیادہ اموات پریاگ راج اور بھدوہی میں ریکارڈ کی گئیں، جہاں 17-17 افراد کی موت ہوگئی
اس کے علاوہ بدایوں اور فتح پور میں 5-5، پرتاپ گڑھ میں 4، ہردوئی، بریلی اور اناؤ میں 2-2 جبکہ لکھیم پور کھیری اور کانپور دیہات میں ایک ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے۔
جمعرات کی صبح سے بیشتر علاقوں میں موسم صاف ہوگیا اور تیز دھوپ نکل آئی، تاہم ہوا میں نمی کے باعث گرمی کی شدت نسبتاً کم محسوس کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ریاست کے 51 اضلاع میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تیز ہواؤں کی پیش قیاسی کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غازی آباد، وارانسی، ایودھیا سمیت تقریباً 30 اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ متھرا، اناؤ اور پریاگ راج میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جبکہ کئی مقامات پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے۔
بریلی میں ایک نوجوان ٹین شیڈ سمیت تقریباً 45 فٹ کی بلندی تک ہوا میں اڑ گیا اور تقریباً 100 میٹر دور کھیت میں جا گرا، جس کے نتیجے میں اس کے ہاتھ اور پیر ٹوٹ گئے۔ زخمی نوجوان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب باندا ریاست کا گرم ترین شہر ریکارڈ کیا گیا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.4 ڈگری سیلسیس درج ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 مئی سے 19 مئی تک ریاست بھر میں شدید گرمی اور لو چلنے کے امکانات ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں کئی اضلاع کا درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے جبکہ انیس مئی کو شدید گرمی کی لہر متوقع ہے




