اسپشل اسٹوری

حافظ قران JEE ٹاپر۔ 15 سالہ سید صادق کی شاندار کامیابی

 

مہاراشٹر کے شہر ناسک سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ حافظ سید زید صادق نے غیر معمولی محنت، نظم و ضبط اور لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے جے ای ای مین 2026 (سیشن 2) میں 99.927 پرسنٹائل حاصل کر کے شہر میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

 

اشوکا کالج کے طالب علم زید صادق نے نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی بلکہ دینی تعلیم میں بھی ایک روشن مثال قائم کی۔ انہوں نے محض 15 سال کی عمر میں قرآنِ مجید حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ابتدائی دینی تعلیم مدارس میں حاصل کرنے کے بعد، اسکول کے مصروف شیڈول کے باعث انہوں نے نویں جماعت کے دوران گھر پر استاد اور والدہ کی نگرانی میں حفظ مکمل کیا۔

 

زید کی تعلیمی کارکردگی پہلے ہی نمایاں رہی ہے، انہوں نے دسویں جماعت میں 95 فیصد نمبر حاصل کئے تھے۔ اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے انہوں نے JEE مین کے دونوں سیشنز میں 99 سے زائد پرسنٹائل حاصل کیا۔ گھر والوں کے مطابق، ان کی کامیابی کے پیچھے کئی ماہ کی مسلسل محنت، والد سید صادق اور والدہ سید زوقیہ کی رہنمائی اور تعاون شامل ہے۔

 

زید ایک تعلیم یافتہ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ مرحوم سید ستار علی روشن کے پوتے ہیں، جو ایک  سابق میونسپل اسکول ہیڈ ماسٹر تھے۔

 

اشوکا کالج کے ایک استاد نے ان کی ٹائم مینجمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زید نے یہ ثابت کیا ہے کہ مناسب منصوبہ بندی اور توجہ کے ساتھ طلبہ بیک وقت دینی اور عصری تعلیم میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

 

زید صادق اب جے ای ای ایڈوانسڈ کی تیاری میں مصروف ہیں اور ان کا خواب ملک کے معروف انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IIT) میں داخلہ حاصل کرنا ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر ناسک بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button