تلنگانہ کے عادل آباد میں معذوری کے باوجود ایس ایس سی میں نمایاں کامیابی، ایم ایل اے کی طالب علم کو مبارکباد

معذوری کے باوجود ایس ایس سی میں نمایاں کامیابی، ایم ایل اے کی طالب علم کو مبارکباد
عادل آباد۔ 6/مئی (اردو لیکس)مضبوط حوصلے اور خود اعتمادی کے ساتھ معذوری کو مات دیتے ہوئے عادل آباد کے ایک طالب علم نے ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے سب کو متاثر کیا ہے۔عادل آباد شہر کے ترپیلّی کالونی سے تعلق رکھنے والے سائی چرن نے دونوں ہاتھ نہ ہونے کے باوجود کہنیوں کی مدد سے ایس ایس سی امتحان لکھ کر 422 نمبرات حاصل کیے۔
اس شاندار کامیابی پر مقامی ایم ایل اے پائل شنکر نے طالب علم کی شال پوشی کرتے ہوئے خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی اور اس کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سائی چرن کی جدوجہد اور عزم دیگر طلبہ کے لئے ایک مثال ہے۔
ایم ایل اے نے مزید کہا کہ مشکلات کے باوجود کامیابی حاصل کرنا سائی چرن کے غیر معمولی حوصلے اور خود اعتمادی کا مظہر ہے، اور ہر طالب علم کو اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔




