منشیات کی خرید و فرخت حیدرآباد میں ایم ایل سی کا بیٹا گرفتار

حیدرآباد: حیدرآباد شہر میں ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔منشیات (ڈرگس) کی سپلائی اور استعمال کے خلاف پولیس کی سخت کارروائیوں کے دوران ایک ایم ایل سی کے بیٹے کی گرفتاری نے سیاسی اور سماجی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پولیس نے ایک بڑے تلاشی آپریشن کے دوران ایک معروف ایم ایل سی کے بیٹے سمیت بعض افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ بعض افراد منشیات کی فروخت خریدی اور استعمال میں ملوث ہیں جس کے بعد یہ کارروائی انجام دی گئی۔
منگل ہاٹ پولیس کے مطابق شہر میں خفیہ طور پر سرگرم منشیات کے ایک نیٹ ورک پر نظر رکھنے والی خصوصی ٹیموں نے یہ کارروائی کی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایم ایل سی کے بیٹے بھرت کے منشیات سپلائی کرنے والے گروہ سے روابط تھے اور وہ مبینہ طور پر اس سرگرمی میں خود بھی شریک تھا۔
پولیس نے بھرت کے علاوہ منشیات خریدنے والے چند بااثر خاندانوں کے نوجوانوں اور دیگر اہم ملزمین کو بھی حراست میں لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس اس زاویہ سے بھی تفتیش کر رہی ہے کہ یہ منشیات کہاں سے آ رہی تھیں اور آیا اس کے پیچھے بین الریاستی منظم گروہوں کا کوئی ہاتھ ہے یا نہیں۔
سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے ایک شخص کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد پولیس اس مقدمے کو انتہائی اہمیت کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔ تاہم کیس سے متعلق مزید تفصیلات اور سرکاری بیان کا انتظار ہے۔



