تلنگانہ
اسکول کی سیڑھیوں سے گر کر 9 سالہ طالبہ کی موت – تلنگانہ کے شادنگر میں واقعہ
تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع کے شاد نگر میں ایک دلخراش واقعہ نے اسکول انتظامیہ، طلبہ اور والدین کو صدمہ سے دوچار کردیا۔ انڈین پبلک اسکول میں چوتھی جماعت کی 9 سالہ طالبہ وارنیکا سیڑھیوں سے گرنے کے بعد دورانِ علاج فوت ہوگئی.
ذرائع کے مطابق وارنیکا جمعرات کو اسکول میں سیڑھیاں اتر رہی تھی کہ اچانک اپنا توازن کھو بیٹھی اور اوپر سے نیچے جاگری۔ حادثے میں وہ بے ہوش ہوگئی۔ اسکول عملہ نے فوری طور پر اسے ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا، تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث جمعہ کو وارنیکا کی موت ہوگئی۔
اس افسوسناک حادثے کی مکمل منظرکشی اسکول میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی محفوظ ہوگئی۔ واقعہ کے بعد طالبہ کے افراد خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ اسکول میں بھی سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔



