تلنگانہ میں ہر اہل خاندان کو 5 لاکھ روپے کا مفت لائف انشورنس – چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی اسکیم کا سدی پیٹ میں افتتاح کردیا

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جمعرات کو سدی پیٹ میں منعقدہ ایک جلسہ عام میں ریاست کے عوام کے لئے 5 لاکھ روپے کی لائف انشورنس اسکیم کا افتتاح کیا۔ اس اسکیم کے تحت ریاست کے ہر اہل خاندان کو 5 لاکھ روپے کا بیمہ فراہم کیا جائے گا، جس کے لئے مستحقین کو کوئی پریمیم ادا نہیں کرنا ہوگا بلکہ حکومت خود انشورنس کمپنیوں کو پریمیم کی رقم ادا کرے گی۔
اس اسکیم کے تحت خاندان کے کمانے والے فرد کی موت کی صورت میں اس کے افراد خاندان کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اگر کسی خاندان میں ایک سے زائد افراد کمانے والے ہوں تو ان میں سے کس فرد کے نام پر بیمہ حاصل کرنا ہے، اس کا فیصلہ خاندان خود کرسکتا ہے۔
عمر کی حد اور اہلیت
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اسکیم سے استفادہ کے لئے درخواست گزار کی عمر 18 سے 59 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ 19 نومبر 1967 سے 18 نومبر 2008 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد عمر کی مقررہ حد میں شامل ہوں گے۔ راشن کارڈ نہ رکھنے والے خاندان بھی اس اسکیم کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست میں نامزد فرد کی تفصیلات درج کرنا لازمی ہوگا اور اگر ایک سے زائد نامزد افراد ہوں تو ہر ایک کا حصہ اور تناسب بھی واضح کرنا ہوگا۔
19 نومبر سے درخواستوں کا اندراج
حکومت نے 19 نومبر سے 18 دسمبر تک ریاست بھر میں خصوصی درخواست مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مراکز تمام گرام پنچایتوں اور وارڈ دفاتر میں دستیاب ہوں گے، جہاں عوام اپنے آدھار اور راشن کارڈ کے ساتھ پہنچ کر درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری عملہ گھر گھر پہنچ کر بھی اہل خاندانوں کی تفصیلات جمع کرے گا۔
راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کی تفصیلات راشن کارڈ کے ریکارڈ کی بنیاد پر درج کی جائیں گی، جبکہ راشن کارڈ سے محروم خاندانوں کے لیے خصوصی درخواست فارم فراہم کیا جائے گا، جس میں درخواست گزار اور خاندان کے دیگر افراد کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایک خاندان کی جانب سے صرف ایک ہی فرد درخواست داخل کرے۔ دوسرے اضلاع میں رہنے والے افراد بھی اپنے قریبی درخواست مرکز پر پہنچ کر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ عوام کی رہنمائی کے لیے مراکز پر خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے۔
موبائل ایپ اور ویب سائٹ سے بھی درخواست کی سہولت
عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت موبائل ایپ اور خصوصی ویب سائٹ متعارف کروانے کی تیاری کررہی ہے، جن کے ذریعہ اہل افراد گھر بیٹھے اپنی تفصیلات درج کرکے درخواست داخل کرسکیں گے۔




