جنرل نیوز

سالانہ عرس حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ کا اختتام

جلسہ عظمت اولیاء سے مولانا سید شاہ کلیم اللّٰہ محمد محمد الحسینی المعروف کاشف پاشاہ بندہ نوازی کا خطاب' محفل سماع میں جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی مجلس ودیگر مشائخین کی شرکت

 

نارائن پیٹ: 17 اکٹوبر (اردو لیکس)
نارائن پیٹ ضلع مستقر پر واقع درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادری ؒ کے سالانہ چار روزہ عرس تقاریب کا کل رات عقیدت واحترام کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔ جس میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش’ کرناٹک’ مہاراشٹر ودیگر مقامات سے بلالحاظ مذہب و ملت ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عرس تقاریب کا آغاز جلوس پرچم قادریہ سے ہوا ۔جو کل رات دیر گئے محفل سماع کے بعد سجادہ نشین بارگاہ تقی بابا ؒ کی دعائے نیم شبی پر اختتام پذیر ہوا۔ عرس شریف کے موقع پر رسم صندل مالی سجادہ نشین سید شاہ محمد غیاث الدین قادری’ جانشین سجادہ حافظ سید مصطفیٰ قادری نے انجام دی۔ عرس شریف کے موقع پر منعقدہ جلسہ فیضان اولیاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شاہ کلیم اللّٰہ محمد محمد الحسینی المعروف کاشف پاشاہ بندہ نوازی ( سجادہ نشین بارگاہ عالیہ ویچرانی شریف) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائ اللہ نے ددین کی تبلیغ واشاعت کے لئے اپنی زندگیوں کو وقف کردیا اور ساری زندگی بندگان خدا کو خدا سے جوڑنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اولیاء اللہ کی سیرت وعظمت کے مختلف گوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مولانا نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ان سے اٹوٹ وابستگی کا ثبوت پیش کریں۔
اس سے قبل مولانا شفاعت علی نظامی’ مولانا فاروق بن مخاشن’ حافظ سید مصطفی قادری جانشین سجادہ بارگاہ تقی باباؒ نے بھی جلسہ فیضان اولیاء و محفل زیارت سے خطاب کیا۔ عرس شریف کے اختتام پر محفل سماع منعقد ہوئی۔ جس میں محمد کریم قادری قوال اینڈ پارٹی حیدرآباد’ سید ذاکر حسین تاج قوال اینڈ پارٹی حیدرآباد’ زبیر صابری سرفراز صابری رام پور اتر پردیش کے قوال نے ساز پر نعتیہ و منقبتہ کلام سنایا۔ عرس شریف کے دوران و محفل سماع میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق رکن اسمبلی یاقوت پورہ حیدر آباد جناب سید احمد پاشاہ قادری صاحب زرین کلاہ معتمد عمومی مجلس اتحاد المسلمین’ حضرت شاہ محمد عبدالحکیم صدیقی ملتانی پاشاہ مقتدری صاحب سجادہ نشین بارگاہ مرقد عشاق حیدر آباد’ سابق ضلع صدر کانگریس شیوا کمار ریڈی’ محکمہ برقی کے اے ای محمد رفیع’ نارائن پیٹ ایڈیشنل ایس پی ریاض الحق ‘ نارائن پیٹ ڈی ایس پی لنگیا’ سی آئی’ ایس آئی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ سجادہ نشین و درگاہ کمیٹی کی جانب سے مہمان خصوصی کی گلپوشی کی گی۔ درگاہ کمیٹی کے معتمدین جناب محمد نواز موسی و فرزاندان’ محمد رفیق چاند و برادران ودیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ عرس شریف کے موقع پر تمام اجلاسوں کی نظامت حافظ چاند پاشاہ لیکچرر’نے انجام دی۔ سالانہ عرس حضرت تقی بابا رح کا نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button