مبارکباد

کورٹلہ کے محمد علیم الدین اور محمد جمیل احمد سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی یافتہ

کورٹلہ، یکم اگست (اردو لیکس): ضلع جگتیال کے شہر کورٹلہ سے تعلق رکھنے والے محکمہ پولیس کے دو تجربہ کار اور فرض شناس عہدیدار محمد علیم الدین اور محمد جمیل احمد کو محکمہ پولیس میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترقی کی خبر منظرعام پر آتے ہی کورٹلہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے دونوں عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

 

محمد علیم الدین اور محمد جمیل احمد کا تعلق محکمہ پولیس کے 1984 بیچ سے ہے۔ دونوں نے تقریباً 42 برس تک محکمہ میں ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد اہم ذمہ داریاں نبھائیں اور بہترین کارکردگی پر مختلف اعزازات، تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے بھی نوازے گئے۔

 

دونوں عہدیداروں کو محکمہ پولیس کی جانب سے سیوا پداکم ایوارڈ سے سرفراز کیا جا چکا ہے، جبکہ محمد علیم الدین کو سال 2024 میں محکمہ کا باوقار اتم سیوا پداکم ایوارڈ بھی عطا کیا گیا تھا، جو ان کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے۔

 

ترقی کے بعد ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگتیال اشوک کمار نے ایک خصوصی تقریب میں دونوں عہدیداروں کے کندھوں پر سب انسپکٹر کے اسٹار لگائے اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی لگن اور دیانت داری کے ساتھ عوام کی خدمت انجام دیتے رہیں گے۔

 

اس موقع پر کورٹلہ کے عوام، سماجی تنظیموں، سیاسی قائدین، بلدی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے محمد علیم الدین اور محمد جمیل احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس ترقی کو شہر کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

 

مبارکباد پیش کرنے والوں میں سینئر صحافی محمد سلیم فاروقی، انور صدیقی، محمد چاند پاشاہ، نائب صدر نشین بلدیہ محمد شاہد الاحد، صدر مجلس کورٹلہ محمد عبدالرفیع، بلدی اراکین صغریٰ بی، محمد وسیم، عبدالرحیم، عبدالحفیظ بابا، عبدالواصد، محمد محسن، رضوان پاشاہ، محمد نجم الدین، مظفر احمد سجو، بی آر ایس قائد سید فہیم، کانگریس قائد محمد نجیب الدین، این آر آئی محمد جاوید علی، مجلس کے معتمد عبدالواجد، ایڈوکیٹ محمد فصیح الدین، ایم پی جے کے صدر محمد نصیر الدین، نائب صدر عبدالباری، ضلع ناظم محمد نعیم الدین، امیر مقامی جماعت اسلامی محمد الیاس احمد خان، صدر اہل سنت والجماعت شیخ حبیب قادری، امیر شہری جمعیت اہلحدیث محمد کبیر احمد، عبدالحفیظ عرفان، عبدالرحیم، واثق الرحمن، ابوبکر صدیقی، محمد افروز اور محمد ارباز سمیت دیگر سرکردہ شخصیات شامل ہیں، جنہوں نے دونوں نو ترقی یافتہ سب انسپکٹروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button