جنرل نیوز

کاماریڈی میں ٹریفک آوٹ پوسٹ کی تزنین نو کے بعد ایس پی راجیش چندر کے ہاتھوں افتتاح

کاماریڈی میں ٹریفک آوٹ پوسٹ کی تزنین نو کے بعد ایس پی کے ہاتھوں افتتاح،ٹریفک نظام کو مزید مستحکم کرتے ہوئے عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں: ایس پی راجیش چندر

 

کاماریڈی شہر میں ٹریفک آؤٹ پوسٹ کی عمارت کی مکمل مرمت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے بعد ضلع ایس پی ایم. راجیش چندر نے ہفتہ کے روز نئی شکل میں تیار ٹریفک آؤٹ پوسٹ کا افتتاح کیا۔ بڑھتی ہوئی ٹریفک اور عوام کی ضروریات کے پیش نظر آؤٹ پوسٹ کو بہتر بنایا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو تیز رفتار اور مؤثر خدمات فراہم کی جاسکیں

 

۔اس موقع پر ٹریفک آؤٹ پوسٹ کے نئے ٹریفک ایس آئی چندرشیکھر گوڑ کو ایس پی نے ان کی نشست پر بٹھا کر مبارکباد دی اور نظم و ضبط، عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور فوری ردعمل کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ایس پی نے کہا کہ کاماریڈی شہر میں بڑھتی ہوئی گاڑیوں کی آمدورفت کے پیش نظر ٹریفک نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹریفک آؤٹ پوسٹ کو ضروری پولیس عملہ فراہم کیا گیا ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک کو منظم کرنا، سڑک حادثات میں کمی لانا اور عوام کو محفوظ سفری ماحول فراہم کرنا پولیس محکمہ کا اہم مقصد ہے۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ قوانین کے نفاذ کے ساتھ ساتھ عوام کی خدمت کو بھی اولین ترجیح دیں۔ ٹریفک کے زیادہ دباؤ والے علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے خصوصی اقدامات کیے جائیں

 

اور اسکولوں، کالجوں، تجارتی مراکز اور اہم چوراہوں پر ٹریفک انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ دو پہیہ گاڑی چلانے والے معیاری ہیلمٹ اور کار سوار سیٹ بیلٹ کا لازمی استعمال کریں۔ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانا، تیز رفتاری، موبائل فون استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ اور ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنلز، سڑک کے نشانات اور پولیس کی ہدایات پر لازمی عمل کیا جائے۔ ٹریفک نظم و ضبط کے ذریعے ہی حادثات میں کمی اور محفوظ معاشرے کی تعمیر ممکن ہے۔ایس پی راجیش چندر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی صرف قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ اپنے خاندان اور اپنی زندگی کے تحفظ کے لیے بہترین فیصلہ ہے۔ انہوں نے ہر شہری سے ذمہ داری کے ساتھ ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی

 

۔اس پروگرام میں کاماریڈی ڈی ایس پی مدھوسودھن، ٹاؤن ایس ایچ او نرہری، ٹریفک ایس آئی چندرشیکھر گوڑ، ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس آئیز، ٹریفک پولیس افسران اور پولیس اہلکار موجود تھے

متعلقہ خبریں

Back to top button