مبارکباد

محبوب نگر کے سینئر صحافی عبدالاحد صدیقی کو ممتاز صحافتی خدمات پر ریاستی اعزاز

محبوب نگر یکم اگست (نامہ نگار) صحافی تنظیم ٹی یو ڈبلیو جے ایف تلنگانہ کے دسویں سالانہ اجلاس کا شاندار انعقاد میڈیا اکیڈمی، نامپلی، حیدرآباد میں عمل میں آیا۔ اجلاس کی صدارت ریاستی صدر ایم اے ماجد نے کی،

 

جبکہ ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور حکومتِ تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے صحافیوں کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں، تنظیمی ذمہ داران اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے منتخب صحافیوں کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔

 

اس باوقار موقع پر محبوب نگر کے سینئر اور معروف صحافی عبدالاحد صدیقی کو شعبۂ صحافت میں ان کی طویل، دیانتدارانہ، غیرجانبدارانہ اور عوامی مفاد پر مبنی خدمات کے اعتراف میں "پروفیسر عبدالرحیم یادگاری ایوارڈ” سے سرفراز کیا گیا۔ ریاستی وزیر محمد اظہرالدین اور مشیر حکومت محمد علی شبیر نے مشترکہ طور پر انہیں توصیفی سند، یادگاری مومنٹو اور نقد انعام پیش کرتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

مقررین نے کہا کہ عبدالاحد صدیقی نے کئی دہائیوں سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ذمہ دارانہ صحافت کی بہترین مثال قائم کی ہے، جس پر انہیں یہ اعزاز دیا جانا پوری صحافتی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر ایوارڈ کے لیے عبدالاحد صدیقی کے انتخاب پر پی یو ڈبلیو جے ایف تلنگانہ کے ریاستی صدر ایم اے ماجد، ریاستی نائب صدر غوث محی الدین، سید عظمت علی شاہ اور دیگر عہدیداران کا متحدہ ضلع محبوب نگر کی صحافی برادری نے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس فیصلے کو صحافت کی حقیقی خدمات کا اعتراف قرار دیا۔

 

عبدالاحد صدیقی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے اور وہ اسے اپنی ذاتی کامیابی کے بجائے متحدہ ضلع محبوب نگر کے تمام صحافیوں کے نام منسوب کرتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ صحافت کی عزت، وقار اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پی یو ڈبلیو جے ایف تلنگانہ، ایوارڈ سلیکشن کمیٹی، تمام ذمہ داران، ساتھی صحافیوں، دوستوں اور خیرخواہوں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی وہ پوری دیانت، غیرجانبداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

 

اس موقع پر ملا شہاب الدین، محمد تقی حسین تقی، محمد جعفر، محمد عبدالعلیم صدیقی، محمد عبدالرحیم، محمد افضل، مرزا وسیم بیگ، محمد اظہر خان، محمد خواجہ معین الدین، سید اشفاق شاہ، محمد اشفاق، محمد حسین، محمد حسین (نارائن پیٹ)، محمد جلیل رضا، محمد ستار عاشق (جڑچرلہ) سمیت متعدد سینئر و نوجوان صحافیوں، سماجی شخصیات اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے عبدالاحد صدیقی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعزاز کو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ محبوب نگر کی پوری صحافتی برادری کے لیے ایک تاریخی اعزاز اور باعثِ افتخار قرار دیا.

متعلقہ خبریں

Back to top button