جرائم و حادثات

تلنگانہ کے ناگرکرنول ضلع میں وکیل کا بہیمانہ قتل، کلینک سے گھسیٹ کر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ

ناگرکرنول: تلنگانہ کے ضلع ناگرکرنول میں ایک وکیل کو نہایت بے رحمی سے قتل کر دیا گیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پینٹلاویلی سے تعلق رکھنے والے آر ایم پی ڈاکٹر اور وکیل ملیا (55) پر نامعلوم افراد نے منصوبہ بند انداز میں حملہ کرتے ہوئے انہیں تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق ملیا پینٹلاویلی میں ایک کلینک چلاتے تھے اور آر ایم پی ڈاکٹر کے ساتھ وکالت بھی کرتے تھے۔ جمعہ کی رات وہ اپنے کلینک میں موجود تھے کہ دو خواتین اور دو مرد علاج کی غرض سے وہاں پہنچے۔ جیسے ہی ملیا ان کا معائنہ کرنے لگے، حملہ آوروں نے ان کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر جھونک دیا۔

 

اس کے بعد حملہ آور انہیں کلینک سے گھسیٹ کر مرکزی سڑک پر لے گئے اور تیز دھار ہتھیاروں سے اندھا دھند حملہ کر کے قتل کر دیا۔ شدید زخموں کی وجہ سے ملیا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واردات کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی، نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کیا اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس کو ابتدائی شبہ ہے کہ قتل کی وجہ اراضی کا تنازع ہو سکتا ہے، تاہم واقعہ کی مکمل وجوہات جاننے کے لئے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button