حیدرآباد کی ایک ہوٹل میں آگ لگنے کا واقعہ۔ سن رائزس حیدرآباد کی ٹیم ہوٹل میں مقیم تھی

حیدرآباد ۔ شہر کے پاش علاقے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 پر واقع پارک حیات ہوٹل میں پیر کی صبح اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس سے وہاں افرا تفری مچ گئی۔ آگ ہوٹل کی پہلی منزل پر واقع سے میں لگی جہاں سے دھواں تیزی سے پھیلتے ہوئے عمارت کے دیگر حصوں تک جا پہنچا۔
واقعے کے فوری بعد ہوٹل انتظامیہ نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ فائر فائٹرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ شدید دھوئیں کے باعث ہوٹل میں موجود افراد کو پیچھے کے راستے سے بحفاظت باہر نکالا گیا۔
فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے تقریباً دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ہوٹل انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت حیدرآباد سن رائزرس کی ٹیم ہوٹل کی پانچویں منزل پر موجود تھی جو آئی پی ایل میچ کھیلنے کے لیے آئی ہوئی ہے۔
اس ٹیم کے ارکان کو باحفاظت ہوٹل سے باہر نکال کر دیگر دوسرے مقام پر منتقل کر دیا گیا۔