جنریشن زی ملک دشمن نہیں، نوجوانوں کے احتجاج کا احترام ضروری: موہن بھاگوت
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ جنریشن زی (Gen Z) کے نوجوان ملک دشمن نہیں ہیں، بلکہ ان کے مسائل اور خدشات حقیقی اور قابلِ فہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج، بات چیت اور مسائل کے حل کا ایک جائز ذریعہ ہے۔
ممبئی میں منعقدہ آئی آئی ایم یو این (IIMUN) پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے جنریشن زی اور جنریشن الفا کے طلبہ سے کہا کہ ان کے دور میں بزرگوں کی بات بلا چون و چرا مانی جاتی تھی، جبکہ آج کی نوجوان نسل ہر بات کی منطقی وضاحت چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کا سوال کرنا، اپنی رائے کا اظہار کرنا اور احتجاج کرنا جمہوری حق ہے، تاہم احتجاج کے بھی جمہوری اصول اور ضابطے ہوتے ہیں جن کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
موہن بھاگوت نے زور دیا کہ نوجوانوں کی سوچ کو سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ مسلسل مکالمہ جاری رکھا جانا چاہیے۔ اس پروگرام میں ملک بھر کے سو سے زائد شہروں سے تقریباً دو ہزار طلبہ نے شرکت کی، جہاں موہن بھاگوت نے طلبہ کے ساتھ براہِ راست گفتگو بھی کی۔



