بنڈی سنجے کے بیٹے کی عبوری ضمانت پر سماعت مکمل – تلنگانہ ہائی کورٹ سنائے گی جمعہ کو فیصلہ
حیدراباد – مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار کے بیٹے بنڈی بھگیردھ کے خلاف درج پوکسو (POCSO) کیس کی سماعت تلنگانہ ہائی کورٹ میں اہم موڑ اختیار کر گئی ہے۔
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے عبوری ضمانت (انٹرِم بیل) پر فیصلہ کل (جمعہ) تک کے لئے محفوظ کر لیا ہے، جبکہ ضمانت قبل از گرفتاری (اینٹیسیپیٹری بیل) کی درخواست پر سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران بھگیردھ کے وکیل نرنجن ریڈی نے اہم دلائل پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 میں ڈرائیونگ کے دوران جب ملزم کو روکا گیا تھا تو اس وقت مبینہ متاثرہ لڑکی کی عمر 15 سال ظاہر کی گئی تھی۔ ان کے مطابق پولیس کی جانب سے دائر موجودہ چارج شیٹ میں بھی اسی عمر کو برقرار رکھا گیا ہے، جس پر سوال اٹھتا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے۔
نرنجن ریڈی نے مزید کہا کہ چارج شیٹ میں درج متاثرہ لڑکی کی تاریخِ پیدائش اور اس کے پین کارڈ میں درج تاریخِ پیدائش مختلف ہیں، جس سے عمر کے تعین میں واضح شک پیدا ہوتا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ان تضادات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت بھگیردھ کو ضمانت دے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ عبوری ضمانت پر فیصلہ کل سنایا جائے گا، جبکہ قبل از گرفتاری ضمانت کی مکمل سماعت آئندہ ہفتے کی جائے گی۔



