تلنگانہ

سال 2028تک محکمہ پولیس کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات مکمل ہوں گے: چیف منسٹر ریونت ریڈی

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ 2028 تک محکمہ پولیس کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں امن و ضبط کی برقراری کے لئے 4,773 کانسٹیبل کی جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے،

 

جبکہ محکمہ پولیس کے دیگر شعبوں میں بھی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کی اجازت دے دی گئی ہے۔ باقی جائیدادوں پر مرحلہ وار تقررات کئے جائیں گے۔

 

چیف منسٹر نے حیدرآباد کے گوشہ محل اسٹیڈیم میں منعقدہ یوم یاد شہدائے پولیس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ملک بھر میں 150 پولیس اہلکار اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور جان کی پرواہ کئے بغیر انجام دی جانے والی خدمات کے باعث ہی عوام پُرامن زندگی گزار رہے ہیں۔

 

ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس شہداء کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور حکومت ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کے لئے امن و ضبط کی بہتر صورتحال انتہائی ضروری ہے۔

 

چیف منسٹر نے مزید بتایا کہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک 112 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز) کو راست تقررات کے ذریعہ بھرتی کیا گیا ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ محکمہ پولیس میں موجود تمام مخلوعہ جائیدادوں کو مقررہ مدت میں پُر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button